• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صو فیائے کرام نے روادارانہ فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی،صوبائی وزیر اوقاف

لاہور(خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن نے داتا دربار عرس کے دوسرے روز دربار سماع ہال میں محافل سماع کی تقریب کا افتتاح کیا۔اس موقع پرڈائریکٹر جنرل اوقاف طاہر رضا بخاری،چیئرمین کمیٹی نذیر احمد چوہان کے علا وہ دیگر افسر بھی موجود تھے۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیائے کرام نے اسلامی تعلیمات کو مکمل طورپر احکامِ شریعت کے نہ صرف تابع قراردیا بلکہ تصوف کو شریعت کا امین اور نگہبان بنا کر پیش کیا اور یوں برصغیر میں ایک ایسے اسلامی مکتبِ تصوف کی بنیاد رکھی جِس کی بلندیوں پر ہمیشہ شریعت و طریقت کا پرچم لہراتا رہے گا۔ صو فیائے کرام نے روادارانہ فلاحی معاشرے کی بنیاد رکھی،وہ اخوت،بھائی چارے،انسان دوستی،ایثار و محبت جیسے جذبوں سے آراستہ ہے۔ان کے فکر و عمل کا یہ فیضان پورے خطے کو اسلامی تعلیمات کی روشنی سے منورکر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہم آہنگی اور بین المذاہب مکالمہ کے فروغ اور انتہا پسندی اور دہشت گردی جیسے عوامل کی بیخ کنی کے لئے ضروری ہے کہ ہم ان اولیائے کرام کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا نصب العین بنا کر ان پر عمل پیرا ہوں ۔بعد ازاں صوبائی وزیر اوقاف نے سکیورٹی و دیگر انتظامات کی چیکنگ کی۔ انہوں نے مانیٹرنگ روم کا بھی دورہ کیااور گرد و جوار میں لگے کیمروں کے ذریعے تمام انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
تازہ ترین