• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عرس داتا گنج بخش اختتام پذیر، ملکی سلامتی، امہ کیلئے رقت آمیز دعائیں

لاہور(وقائع نگار خصوصی)حضرت داتا گنج بخش ؒ کے 976 ویںسالانہ عرس کی تقریبات اختتام پذیر، آخری روز ملکی سلامتی، امہ کی کامیابی کیلئے رقت آمیز دعائیں کی گئیں۔ تین روز جاری رہنے والی عرس تقریبات میں شرکت کیلئے اندرون و بیرون ملک سے لاکھوں عقیدت مندوں نے شرکت کی اورڈھول کی تھاپ کیساتھ مزار پر چادریں چڑھانے کیلئے آتے رہے،عرس کی سکیورٹی کیلئےسخت حفاظتی انتظامات کئے گئے۔ جابجا وسیع پیمانے پر دودھ کی سبیلیں اور لنگرکا انتظام کیا گیا۔ داتا دربار کے سماع ہال میں نامور قوالوںنے اپنا کلام ،نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت میںگلہائے عقیدت پیش کئے، مسجد داتا دربار میں علماءکرام اور قراءحضرات نے زائرین سے خطابات کئے اورتلاوت کلام پاک کی جاتی رہی۔صوبائی وزیر اوقاف ومذہبی امور سید سعیدالحسن شاہ نے عرس تقریبات میں بھارت اور افغانستان سے آئے مختلف سجادگان کے ساتھ اجمیر شریف سے آئی چادر پوشی کی رسم میں شرکت کی۔ ان سجادگان میں افغانستان سے پیر سید وحیداللہ غزنوی، آغا محمود شاہ،اجمیرشریف سے پیر سید بلال حسین چشتی ، پیر سید فہد حسین چشتی جالندھرانڈیا حافظ غلام قطب الدین، پیر آف پانی پت سمیت دیگر بزرگان شامل تھے۔اس موقع پر پیر سید سعید الحسن نے مہمانان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ داتا صاحب کی تعلیمات اور افکار سے لاکھوں لوگ آج بھی فیض اٹھا رہے ہیں اور رہتی دنیا تک ان کا فیض جاری رہے گا۔ تقریبات کے آ خری روز بھی صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ نے داتا دربار اور اس کے اطراف میں سکیورٹی و دیگر انتظامات کے حوالے سے دورہ کیا ۔ان کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل اوقاف طاہر رضا بخاری ،ایڈمنسٹریٹر داتا دربار،چیئرمین کمیٹی نذیر احمد چوہان و دیگر افسران بھی تھے۔
تازہ ترین