• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قبائلی ارکان اپنے مسائل کے حل کیلئے مل کر جدوجہد کرینگے‘ میر کلام

پشاور (وقائع نگار) شمالی وزیرستان یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام شمالی وزیرستان کے صحافیوں میں موبائل فون کی تقسیم کے سلسلے میں پشاور پریس کلب میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمانوں میں قبائلی مشر ملک خان مرجان وزیر‘ ممبر صوبائی اسمبلی میر کلام وزیر اور ممتاز تاجر اور صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی عبداللہ خان شامل تھے۔ اس موقع پر شمالی وزیرستان یونین آف جرنلسٹس کے صدر عمر دراز وزیر نے شمالی وزیرستان کے صحافیوں کی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے وزیرستان میں قیام امن کے سلسلے میں صحافیوں کی قربانیوں کا بھی تفصیل سے ذکر کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قبائلی مشر ملک خان مرجان وزیر نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ وزیرستان کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج کی قربانیوں کے طفیل اب وزیرستان میں ترقی کے دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی میر کلام وزیر نے کہا قبائلی اضلاع سے منتخب ارکان اپنے مسائل کے حل کے لئے مل کر جدوجہد کرینگے۔ انہوں نے کہا اس سلسلے میں عنقریب ارکان صوبائی اسمبلی کا وفد وزیراعلیٰ سے ملاقات کرے گا تاکہ انہیں قبائلی اضلاع کے عوام کی محرومیوں کے بارے میں بتایا جاسکے۔ اس موقع پر وزیرستان سے تعلق رکھنے والے صحافیوں میں اپنی مدد آپ کے تحت موبائل فون تقسیم کئے گئے۔
تازہ ترین