• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر خزانہ کا اربن سیکٹر پلاننگ اینڈ مینجمنٹ سروسز یونٹ لاہور کا دورہ

پشاور (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے صوبہ پنجاب میں پائیدار شہری نظام کے لئے منصوبہ بندی کرنے والے اربن سیکٹر پلاننگ اینڈ مینجمنٹ سروسز یونٹ لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے اربن یونٹ کے حکام کے ساتھ اربن یونٹ کی تکنیکی مدد سے خیبر پختونخوا میں شہروں کے نظام کو بہتر بنانے میں تعاون اور شراکت کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ چیف ایگزیکٹو اربن یونٹ خالد شیردل اور اربن یونٹ کی سینئر ٹیم نے وزیر خزانہ کو گزشتہ 13 سال میں یونٹ کے تحت تکمیل پانے والے مختلف کامیاب منصوبوں کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ سابق سی ای او اربن یونٹ ڈاکٹر ناصر جاوید اور وفاقی سیکرٹری سلیم رانجھا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر خزانہ تیمور سلیم نے اربن یونٹ کے اشتراک سے خیبر پختونخوا میں شہری نظام کو بہتر بنانے سمیت سیاحت کے فروغ‘ ایکسائز اور ٹیکسیشن کے ذریعے محاصل کی پیداوار اور اضافے‘ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور تعلیم کے شعبے میں جی آئی ایس پر مبنی جدید طریقہ کار کے تحت مختلف شعبوں پر کام کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ اس موقع پر اربن یونٹ کے حکام نے بھی خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ باہمی طور پر اس کے خدمات فراہمی کے اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے تکنیکی تعاون کی فراہمی پر آمادگی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے اختتام پر چیف ایگزیکٹو اربن یونٹ خالد شیردل نے وزیر خزانہ کو اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
تازہ ترین