• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کرکٹ ٹیم میں عرفان، عمران سینئر، عثمان قادر کی حیران کن شمولیت، شعیب، حفیظ ڈراپ ،کیریئر خطرے میں

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) سرفر از احمد کپتانی سے سبکدوش ہونے کے بعد پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ ٹیم میں بھی جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ مصباح الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے دو اور سابق کپتانوں شعیب ملک اور محمد حفیظ کو ڈراپ کرکے دونوں کے کیریئر پر سوالیہ نشان لگادیا ہے۔ حیران کن طور پر سرفراز احمد کو ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناکامی پر گھر بھیج دیا گیا ہے لیکن فخر زمان ،آصف علی اور شاداب خان کو مسلسل خراب فارم کے باوجود ایک اور موقع دیا گیا ہے۔


آسٹریلیا کے مشکل دورے میں پہلی بار پانچ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں محمد موسیٰ، عثمان قادر، خوشدل شاہ، کاشف بھٹی اور نسیم شاہ کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے ٹاپ پر فارمرز اشفا ق احمد، عامر یامین ، عماد بٹ ، راحت علی ، احمد شہزاد اور کئی اور کھلاڑیوں کو نظر انداز کردیا گیا ہے۔ تین سال بعد طویل قامت فاسٹ بولر محمد عرفان اور عمران خان سینئر کو اچانک ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بائیں ہاتھ سے تیز بولنگ کرنے والے عمران خان نے نو ٹیسٹ میچوں میں 28وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ انھوں نے آخری ٹیسٹ جنوری2017 میں آسٹریلیا کے خلاف سڈنی میں کھیلا تھا۔ وہ کس کارکردگی پر ٹیم میں آئے اس کا کسی کو علم نہیں ہے۔ محمد رضوان دونوں فارمیٹ میں وکٹ کیپنگ کریں گے۔ چار دن پہلے اظہر علی نے پریس کانفرنس میں دعوی کیا تھا کہ سرفراز احمد وکٹ کیپنگ میں ہماری پہلی چوائس ہوں گے۔ لیکن وہ جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ہیں۔ سرفراز احمد کو انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر کرنے کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے یہ موقف اختیار کیا تھا کہ پچھلے کچھ عرصے سے ان کی کارکردگی اور اعتماد دونوں متاثر ہوئے تھے۔ سرفراز احمد نے 2010 میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کیا تھا لیکن 2014 میں ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی ہوئی اور وہ اپنی بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ میں عمدہ کارکردگی کے سبب کپتان مصباح الحق کے لیے ایک قابل اعتماد کھلاڑی بن گئے۔ پیر کو لاہور میں مصباح الحق نے آسٹریلیا میں کھیلے جانے والی تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ورلڈ ٹیسٹ کرکٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ٹیموں کا اعلان کیا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز میں حصہ لینے والی ٹیم سے سرفراز احمد کے علاوہ عمر اکمل، احمد شہزاد اور محمد نواز کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔ حسن علی بدستور کمر کا علاج کرارہے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی ٹیسٹ سیریز تک فٹ ہوجائیں گے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے 2017 میں چیمپئنز ٹرافی جیتی اور آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کو سری لنکا، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے خلاف شکست ہوئی۔ وہ صرف آسٹریلیا کے خلاف سیریز جیتنے میں کامیاب ہوسکے۔ ٹی ٹوئنٹی ٹیم 26 اکتوبر کو سڈنی روانہ ہوگی جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ نومبر کے پہلے ہفتے میں پرتھ کے لیے اڑان بھرے گا۔ پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بابر اعظم (کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض جبکہ ٹیسٹ اسکواڈ میں اظہر علی (کپتان)، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان، موسیٰ خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔ 

تازہ ترین