• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسیٰ اور نسیم تیز بولنگ، خوشدل جارحانہ بیٹنگ کیلئے مشہور

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے آسٹریلیا کے دورے میں پاکستان کی ٹیم میں دو نوجوان برق رفتار بولروں موسیٰ خان، نسیم شاہ اور جارح مزاج بیٹسمین خوش دل شاہ کو کھلانے کا خطرہ مول لیا ہے۔ ماضی میں کراچی اور لاہور کے کھلاڑی پاکستانی ٹیم میں آتے تھے۔ لیکن اب چھوٹے شہروں سے بھی ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے۔ لوئر دیر کے نسیم شاہ کی عمر محض 16 برس اور اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے والے کوہستان کے محمد موسیٰ کی عمر 19برس ہے۔ انھوں نے گذشتہ سال نیوزی لینڈ میں انڈر19 ورلڈ کپ میں پانچ میچوں میں سات وکٹیں حاصل کی تھیں جس میں بھارت کےخلاف 67رنز کے عوض چار وکٹوں کی عمدہ کارکردگی شامل تھی۔ سپر لیگ میں انہوں نے سات میچز میں آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔ قائداعظم ٹرافی کے 4میچوں میں موسیٰ خان نے 5 جبکہ نسیم شاہ نے پہلے مرحلے میں 3میچوں میں 9وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ نواب شاہ کے 33 سالہ لیفٹ آرم اسپنر کاشف بھٹی 300 سے زائد فرسٹ کلاس وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ موجودہ سیزن میں ان کی وکٹیں 10ہیں۔ بنوں سے تعلق رکھنے والے خوشدل شاہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں خیبرپختونخوا کی جانب سے 160سے زائد اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 93 رنز بناچکے۔ اسپنر عثمان قادر 4وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اوپنر عابد علی نے 104 فرسٹ کلاس میچوں میں 7000 رنز بنائے ہیں۔ انہوں نے قائداعظم ٹرافی کے 2میچوں میں 300 رنز بنائے۔

تازہ ترین