• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بھارت کے جھوٹے دعوے، عالمی میڈیا، سفیروں کو کنٹرول لائن لے جاکر زمینی حقائق دکھائیں گے، فوجی ترجمان

بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے دعوے کو سچ کہنے کا جواز نہیں،میجر جنرل آصف غفور


اسلام آباد (نمائندگان جنگ) بھارت کے جھوٹے دعوؤں کے بعد پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ آج (منگل کو ) اسلام آباد میں موجود دنیا بھر کے سفیروں کو کنٹرول لائن کا دورہ کرایا جائے گا۔

جب کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا 3 مبینہ کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مایوس کن ہے، عالمی میڈیا اور سفیروں کو کنٹرول لائن لے جاکر زمینی حقائق دکھائیں گے۔ 

ادھر جھوٹے الزامات اور کنٹرول لائن پر فوجی جوان اور شہریوں کی شہادت پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر اور بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا گیا اور دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے متعلق الزامات کے ثبوت مانگ لیے۔ 

تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جارحیت اور جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزی پر اسلام آباد میں متعین بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر لیا گیا۔

پاکستان نے ایل اوسی پر آزاد کشمیر میں دہشتگردوں کے کیمپ تباہ کرنے کا دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد میں متعین سفیروں کو کنٹرول لائن کادورہ کرایا جائے گا۔ 

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا 3 مبینہ کیمپ تباہ کرنے کا دعوی مایوس کن ہے، بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے دعوے کو سچ کہنے کا جواز نہیں، عالمی میڈیا، سفارتکاروں کو ان جگہوں پر لے جائیں گے، دنیا کو دکھائیں گے زمینی حقائق کیا ہیں۔

میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اگر بھارت نہیں جانا چاہتا تو لوکیشن دفتر خارجہ سے شیئر کرلیں۔

دوسری جانب دہشتگردوں کے کیمپس کو نشانہ بنانے کے بھارتی آرمی چیف کے دعوے پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن سے تاحال کوئی جواب نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پیشکش پر بھارتی ہائی کمیشن کے جواب کے منتظر ہیں، توقع ہے بھارتی حکام جلد جواب دیں گے۔

تازہ ترین