• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

آزادی مارچ روکنے کیلئے لگائے کنٹینروں کو اڑا دینگے، عطاء الرحمٰن

کراچی(جنگ نیوز) جے یو آئی ایف کے رہنما سینیٹر عطاء الرحمٰن نے کہا ہے کہ آزادی مارچ روکنے کے لیے لگائے کنٹینروں کو اُڑا کر رکھ دیں گے، مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ اجیت دوال کی تصویر 2013ء کی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا صرف اپنے حلقے مٹہ کے لوگوں کو روک کر دکھائیں، حکومت نے زبردستی کی تو صرف اسلام آباد نہیں پورا ملک جام کردیں گے۔

آزادی مارچ روکنے کیلئے لگائے کنٹینروں کو اڑا دینگے، عطاء الرحمٰن


وہ جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔

وزیرمملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے بات چیت کے ذریعہ مسائل کا حل نکالنا چاہتے ہیں، اجیت دوال پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے اس سے مولانا فضل الرحمٰن کی ملاقات کس تناظر میں ہوئی، مولانا فضل الرحمٰن اقتدار کے لالچ میں اسلام آباد پر یلغار کر رہے ہیں۔

ن لیگ کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ن لیگ کے تمام قافلے آزادی مارچ کا حصہ بنیں گے، کسی منتخب حکومت کو جتھوں، احتجاج یا دھرنوں سے ختم کرنے کے حق میں نہیں ہیں ناانصافیوں کا سلسلہ جاری رہا تو ن لیگ دھرنے کا حصہ بھی بن جائے گی، ضرورت پڑے تو اس اسمبلی میں ایک سیکنڈ نہیں رہنا چاہیے۔ 

علی محمد خان نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن زیرک سیاستدان ہیں، انہیں سوچنا چاہیے ان کے آزادی مارچ سے کشمیر سے فوکس ہٹا ہے اس کا فائدہ کسے ہوا ہے، احتجاج ضرور کریں لیکن حالات بھی دیکھیں پاکستانی کشمیر کے لیے سڑکوں پر نکل رہے ہیں مگر مولانا اقتدار کے لیے نکل رہے ہیں، دس سال کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے مگر دس بار بھی کشمیر کا لفظ منہ سے نہیں نکالا، وزیراعظم عمران خان مدت پوری کریں گے آئینی طور پر وزیراعظم صرف دو طریقوں سے جاسکتے ہیں، ایک یہ کہ وہ اپنی مدت پوری کرلے دوسرا اس کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجائے۔

تازہ ترین