• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحت کارڈ،غریبوں کو امیروں کے برابرسہولیات ملیں گی ،شفقت محمود

اسلام آباد (پرویز شوکت، وقائع نگار )وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت نے صحت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں اصلاحات کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، صحت انصاف کارڈ کے تحت معاشرہ کے غریب طبقہ کو امیروں کے مساوی صحت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، ہیلتھ ایجو کیشن کے حوالے سے انقلابی اصلاحات لار ہے ہیں ، اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار، ہیلتھ کی سہولیات کو بہتر بنایا جائے گا ،میڈیکل اور ڈینٹل تعلیمی اداروں کے معیار کو بہتر بنایا جائےگا،صحت کے شعبے کی نجکاری نہیں کررہے ہیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے طبی تعلیم پر عالمی کانفرنس 2019ءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہیلتھ ایجو کیشن کانفرنس کا انعقاد جنگ میڈیا گروپ اور رفاہ یونیورسٹی کے اشتراک سے کیا گیا تھا جس میں اندرون ملک کے علاوہ بین الاقوامی سکالرز نے شرکت کی ،کانفرنس کا افتتاح وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کیا جبکہ وزیر اعظم کے مشیر صحت ڈاکٹر ظفر مرز امہمان خصوصی تھے ، مشیر صحت نے کہا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کو ختم کر کے پاکستان ہیلتھ کمیشن قائم کیا جارہا ہے، اس موقع پر شفقت محمود اور ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیکل ایجو کیشن کے معیار کو بہتر بنانے میں نمایا ں کردار ادا کرنے پر رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی کو مبارکباد پیش کی اور میڈیکل کے شعبے میں تعاون کو سراہا، آئی سی ایم ای کے بانی حسن محمد خان ، چانسلر رفاہ انٹر نیشنل یونیورسٹی اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انیس احمد نے طبی ماہرین اور شرکا ء کا شکریہ ادا کیا ، کانفرنس میں امریکہ ،برطانیہ ،مصر ، ایران ، سعودی عرب ، متحدہ عرب امارات اور نیدرلینڈ سے وابستہ 8 سے زائد ممالک کے 800 سے زائد شرکا ء اور غیر ملکی مندوبین نے شرکت کی ، کانفرنس میں میڈیکل ایجو کیشن کے تمام پہلوئوں کا احاطہ کیا گیا ، خاص طور پر ہیلتھ پروفیشنل ایجو کیشن پر زور دیا گیا تاکہ بین الاقوامی معیار کے مطابق تعلیم فراہم کی جاسکے اور مقامی طور پر ترقی پذیر ممالک میں ان کا اطلاق کیا جاسکے ،کانفرنس کے دوران شرکاء نے کانفرنس کورسز ،ورکشاپس اور پوسٹر پریز نٹیشن پیش کیں،اس کانفرنس میں 9 اہم انٹر نیشنل مقررین شرکت کر رہے ہیں،جن میں سے د ومیڈیکل ایجو کیشن ریسررچر کیرولنسکا ایوارڈ ونر، ایک فسٹ ایان ہارٹ ایوارڈ یافتہ اور ایک نوبل انعام یافتہ ہیں۔
تازہ ترین