• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دین اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں، عبید رضا عطاری

برسلز(عظیم ڈار)دعوت اسلامی کا ایک عظیم الشان اجتماع ذکرونعت کے عنوان سے میمونیاپیلس برسلز میں بلجیم کے نگران حاجی علی قریشی کی قیادت میں منعقد ہوا پروگرام میں دعوت اسلامی کے جانشین امیر اہلسنت مولانا ابواسید الحاج عبید رضا عطاری مدنی اور مرکزی مجلس شوری کے رکن حاجی اظہر اقبال عطاری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی مولانا ابواسید الحاج عبید رضا عطاری مدنی نے اپنے خطاب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اسوۂ حسنہ پر مفصل روشنی ڈالی اور کہا کہ اسلام نے ہمیشہ امن وامان اتفاق واتحاد یگانگت مساوات اور بھائی چارے کا درس دیا ہے۔انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کا دین اسلام سے بالکل بھی کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ اسلام ایثار محبت اور قربانی کا درس دیتا ہے، انھوں نے اوورسیز کمیونٹی کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنتوں کو زندہ رکھنے اور پنجگانہ نماز کی پابندی کو اپنی زندگیوں میں معمول بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اور ہمیشہ اخروی زندگی کو ترجیح دیتے ہوئے اپنی نئی نسل کو دین اسلام کی تبلیغ کی۔ مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی اظہر اقبال عطاری نے کہا کہ دعوت اسلامی نے ہمیشہ انسانی اقدار کی آبیاری کی اور دین اسلام کی روایات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔اور کہا کہ اپنے ملک اپنی قوم اور معاشرے میں اپنے کردار سے ہی تبدیلی ممکن ہے اور حسن اخلاق سے ہی اسلام سے محبت اور اسکے قریب آنےکا سبب ہے۔پاکستانی نژاد سابق ممبر برسلز پارلیمنٹ ڈاکٹر منظور ظہور نے کہا کہ اس طرح کی نورانی محفلیں ہمارے اور خصوصاً نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہیں۔ پولیس ایڈوائزر برسلز سٹی کے کونسلر محمد ناصر نے کہا کہ اس طرح کی محفلیں ہماری مصروف زندگی میں بے حد ضروری ہیں۔ پروگرام کے منتظم حاجی علی قریشی نے کہا کہ دعوت اسلامی کا بنیادی مقصد دین اسلام کی روشنی سے مسلمان بھائیوں کو منور کرنا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی سنتوں کو زندہ رکھتے ہوئے اپنی زندگیوں کو گزارنا ہے۔ پروگرام میں خواتین کے لئے علیحدہ ہال کا انتظام کیا گیا۔ المدینہ کے نام سے ایک اسلامی کتب پر مبنی اسٹال بھی لگایا گیا۔پروگرام میں یورپ بھر کے دیگر ممالک برمنگھم کے نگران سید فیصل رضا عطاری اور ہالینڈ کے نگران سرفراز عطاری نے قافلوں کی صورت میں خاندان کے ہمراہ شرکت کی۔دعوت اسلامی کے پروگرام میں بلجیم بھر کی سیاسی سماجی کاروباری اور مذہبی شخصیات اور مقامی علماء نے بھی شرکت کی اور پروگرام کے اختتام پر لنگرکا خصوصی انتظام کیا گیا۔
تازہ ترین