• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دعوت اسلامی کے زیر اہتمام اٹلی میں تربیتی اجتماعات

میلان اٹلی (ڈاکٹر شہباز بھٹی) مچراتا اورروم میں عاشقان رسول ﷺ کے سنتوں بھرے تربیتی اجتماعات ہوئے ، جن میں یورپ بھر سے عاشقان رسول ﷺ اور دعوت اسلامی کے ذمہ داران اور اٹلی کے مختلف شہروں سے عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی۔ اجتماعات میں شرکاء کو اچھے اعمال،صدقہ کی اہمیت، جھوٹ کی لعنت، سچ اور صداقت کی برکتیں، نماز اور فرض علوم کے ساتھ ساتھ حقیقی معنوں میں حضور ﷺ کی سیرت کے مطابق زندگی گزارنےاور ہمارے اسلاف کی زندگی کے مطابق مثالی معاشرے کی تشکیل کے بارے میں درس دیا گیا۔ پہلا اجتماع میلان شہر میں ہوا، عاشقان رسول ﷺ کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اجتماع پاک کا آغاز قرآن پاک کی تلاوت اور نذرانہ ِ عقیدت نعت ِرسول مقبول ﷺ سے ہوا اس کے بعد دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد اظہر اقبال عطاری دامت برکاتہ العالیہ نے عشق رسول صلی اللہ تعالی علیہ وآلہ وسلم اور اخلاقی تربیت کے حوالے سے بیان فرمایا، مزید انہوں نے کہا کہ آپ خود بھی اور اپنے بچوں کو دعوت اسلامی کے ساتھ منسلک کر لیجئے جس میں آپ کی اور آپ کے بچوں کی تعلیم و تربیت کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ اس کے بعد بانی دعوت اسلامی حضرت علامہ الیاس عطار قادری کے بڑے صاحبزادے جانشینِ امیراہلسنت حضرت علامہ مولانا عبید رضا عطاری المدنی نے سنتوں بھرا بیان فرمایا، جس میں انہوں نے نماز اور اس کی پابندی کے بارے میں خصوصی اہمیت اجاگر کی، اورصدقہ کے فضائل بیان فرمائے اور خصوصی طور پر دعوت اسلامی کے تحت دنیا بھر میں چلنے والے مدرسۃ المدینہ بالغان میں قرآن کریم کو اس کے قواعد و ضوابط کے ساتھ درست ادائیگی سے سیکھ کر پڑھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ اٹلی کے شہر مچراتا میں منعقدہ اجتماع کا آغاز قرآن کریم کی تلاوت اور نعت رسول ﷺ سے ہوا۔ پاکستان سے آئے ہوئے مبلغ دعوت اسلامی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن حاجی محمد اظہر اقبال عطاری نے عشق رسول ﷺ کی اہمیت کے بارے میں پرسوز بیان فرمایا، پاکستان سے آئے ہوئے مہمان خصوصی جانشینِ امیراہلسنت علامہ مولانا عبید رضا عطاری المدنی نے جھوٹ کی مذمت اور شعار مسلمان سچ کی فضیلت اور اس کی برکات قرآن و حدیث کی روشنی میں مفصل بیان فرمائیں۔ تیسرا اجتماع روم دعوت اسلامی کے مرکز فیضان مدینہ میں منعقد ہوا۔ جس میں ہائی آفیشلز، بزنس کمیونٹی، پاکستان اور دیگر ممالک سے ہائر ایجوکیشن کے لئے آئے ہوئے طلباء اور کثیر عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی۔ آغاز اجتماع تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ کے بعد مبلغ دعوت اسلامی حاجی محمد اظہر اقبال عطاری نے سیرت مصطفیٰ ﷺ پر بیان فرمایا اور اس کے ساتھ ساتھ ماہ میلادالنبی ربیع الاول شریف کی اہمیت سے شرکاء کے دل موہ لئے۔ اس کے بعد حضرت علامہ مولانا عبید رضا عطاری نے معاشرے کی برائیوں کو سامنے رکھتے ہوئے دین کے اصول کے مطابق والدین کو اسلاف کی سیرت کی روشنی میں سچ پر عمل کرنے نمازوں کی پابندی، جھوٹ اور معاشرے کی دیگر برائیوں اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال سے اپنی اور اولاد کی تربیت کے حوالے سے خطاب کیا۔ اجتماعات کے آخر میں انہوں گناہوں سے توبہ کروائی اور رقت انگیز دعا فرمائی جس میں انہوں نے امت مسلمہ اور وطن عزیز پاکستان اور مسلمانوں کی سالمیت کے لئے خصوصی دعائیں کیں، سنتوں بھرے اجتماعات کے اختتام پر نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے صلوٰۃ وسلام پڑھا گیا اور عاشقان رسولؐ میں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔
تازہ ترین