• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیگم نصرت بھٹو آمرانہ قوتوں کیخلاف مزاحمت کی علامت تھیں، قاری عباس

‎بریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی برطانیہ مذہبی امور کے صدر علامہ قاری محمد عباس اور صدر پاکستان پیپلز پارٹی بریڈ فورڈ آصف نسیم راٹھور نے کہا کہ پاکستان کی عظیم شخصیت سابق خاتون اوّل بیگم نصرت بھٹو عزم و استقلال کا پیکر اور آمرانہ قوتوں کے خلاف مزاحمت اور جمہوریت کی علامت تھیں بیگم نصرت بھٹو کا شماردنیا کی چند اُن نامور خواتین میں ہوتا ہے جنہوں نے وقت کے فرعونوں جابروں ظالموں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، پاکستان پیپلز پارٹی کے شہید قائد ذوالفقار علی بھٹو اور ان کے خاندان نے آمرانہ سوچ کے خلاف جس عملی جدوجہد کو عظیم الشان قربانیوں سے آراستہ کیا اس میں بیگم نصرت بھٹو کا کردار منفرد ہی نہیں بے مثال اور لازوال بھی ہے۔‎ یہ وہ دلیر اور بہادر خاتون تھی جس کی آنکھوں کے سامنےاس کے خاوند کو تختۂ دار پرلٹکا دیا گیا بیٹوں کو بے دردی سے قتل کیا گیا ہر طرف سے ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے گئے پھر بھی اس خاتون نے صبرو استقلال کا پہاڑ بن کر اپنے آپ کو اور پارٹی کو سنبھالا دیا بالآخر 23 اکتوبر 2011 کو اپنی پارٹی کے کارکنوں اور جیالوں کو خدا حافظ کہتے ہوئے اس جہان فانی سے خالق حقیقی سے جا ملیں، اُن کی مُلک و قوم کیلئے بے شمار خدمات، قُربانیوں کی بناء پر انہیں مادر جمہوریت کا خطاب دیا گیا اور پاکستان کا سب سے بڑا ایوارڈ نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا، ان کی عظیم جدو جہد نے خواتین کے اندر سیاسی اور سماجی شعور کے دروازے کھول دیئے، بیگم صاحبہ جمہوری تاریخ کا وہ لازوال کردار اور روشن باب ہیں جس کے نہ ختم ہونے والے نقوش ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔ نصرت بھٹو مرحومہ کی برسی پر پارٹی کے ہر کارکن کی ذمہ داری ہے کہ وہ بیگم صاحبہ کی عظیم قربانیوں اور وژن کو اپنے لئے مشعل راہ بنا کر جمہوری روایات، عوام کی فلاح و بہبود اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبے کیلئے اپنے آپ کو ہمہ وقت تیار رکھے۔
تازہ ترین