• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اولمپکس کوالیفائرز سے قبل ہاکی ٹیم مشکلات میں گھرگئی، پریکٹس میچ ہارا، اہم پلیئرز زخمی

کراچی (نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) اگلے سال جاپان میں ہونے والےاولمپکس گیمز رسائی رائونڈ میں حصہ لینے والی قومی ہاکی ٹیم ہالینڈ کے خلاف میچ کے آغاز سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہوگئی۔ اہم کھلاڑی انجریز کا شکار ہوگئے تو دوسری جانب ہالینڈ کے خلاف میچ سے قبل جرمنی میں موجود قومی ہاکی ٹیم کو منگل کو میزبان ملک کے خلاف پہلے میچ 6-1 کے بڑے مارجن سےشکست کا سامنا کرنا پڑا، پاکستان نے چار پنالٹی کار نر حاصل کئے مگر وہ کسی سے بھی فائدہ نہیں اٹھاسکا، جرمنی نے چار گول شارٹ کارنر پر اسکور کئے۔پاکستان کا واحد گول رانا وحید نے بنایا،پاکستان ٹیم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پنالٹی کارنر کا فرق ہمارے لئے مہنگا ثابت ہوا، ہمارے کھلاڑی اس سے فائدہ نہیں لے سکے۔ ادھر ٹیم کے کپتان رضوان سینئر اور ابوبکر پریکٹس کے دوران زخمی ہوگئے، جبکہ گول کیپر وقار اور حماد الدین انجم ویز ا نہ لگنے کی وجہ سے ہالینڈ نہ جاسکے۔عرفان سینئر کا بھی ہالینڈ کا ویزا نہیں لگ سکا جس کی وجہ سے پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چار کھلاڑیوں کو ہالینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ان میں مظہر عباس گول کیپر، رضوان جونیئر، محمد عتیق ارشد اور امجد علی خان شامل ہیں۔پاکستان کے پاس صرف 14کھلاڑی موجود تھے، کپتان رضوان ان فٹ ہونے کی وجہ سے میچ نہیں کھیل سکے۔ ایم راشد نے لندن سے ٹیم جوائن کرلی، پاکستانی ٹیم کے ساتھ جانے والےکوچز میں صرف ہیڈ کوچ خواجہ جنید اور ایم وسیم ٹیم کے ساتھ بینچ پر ہیں ۔ دریں اثناء پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈئیر(ر) خالد کھوکھر اور سکریٹری آصف باجوہ بھی جرمنی روانہ ہوگئے، پاکستان ہاکی فیڈریشن کو اس وقت شدید مالی مشکلات کا سامنا ہے۔

تازہ ترین