• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی پروفائل وائٹ کالر کرائم کیسز میں صفائی کا پورا موقع دیا جائے ،چیئرمین نیب

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ہر قسم کی بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پرعزم ہے، میگا کرپشن وائٹ کالر کرائمزکے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا اولین ترجیح ہے، نیب بدعنوان عناصرکو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے ’’احتساب سب کا‘‘ کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نیب ہیڈکوارٹرز میں ادارے کی مجموعی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہائی پروفائل وائٹ کالر کرائم کیسز میں صفائی کا پورا موقع دیا جائے،نیب افسران بدعنوان عناصرکو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تفتیش بروقت مکمل کریں،نیب نے ان کی قیادت میں گذشتہ 23 ماہ کے دوران بدعنوان عناصر سے 71 ارب روپے وصول کئے ہیں ،نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک بدعنوانی کے 1230ریفرنس متعلقہ احتساب عدالتوں میں دائرکئے ہیں اور تقریباً300 ارب روپے وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کرائے ہیں، نیب کو 2018ء کے مقابلے میں2019ء میں دوگنا شکایات موصول ہوئی ہیں،گذشتہ23 ماہ کے اعدادوشمارکے جائزے سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ نیب کے تمام افسران سخت محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں اور بدعنوانی کے خاتمے کو اپنا قومی فرض سمجھ کر ادا کررہے ہیں، نیب میں شکایات میں اضافہ نیب پر عوام کے اعتماد کا اظہار ہے۔ نیب افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ بلا خوف وخطر ہو کر قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیں۔
تازہ ترین