• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکس کے دوران ریچھ کا مالک پر حملہ


روس میں ایک سرکس کے دوران ریچھ نے اپنے مالک پر ہی حملہ کردیا جسے الیکٹرک کرنٹ دے کر مالک سے دور کیا گیا۔

برطانوی ٹیبلائیڈ کی رپورٹ کے مطابق روس کے مغربی کاریلیا خطے میں ایک سرکس کے دوران جب ٹرینر اپنا کرتب دکھارہا تھا تو اس وقت ٹرالی چلانے والا ریچھ اپنے حواس کھو بیٹھا اور اپنے مالک پر ہی حملہ کردیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تقریباً 272 کلو وزنی یہ ریچھ اچانک مالک کے اوپر چڑھ گیا اور اس کے سر اور گردن پر کاٹنے لگا۔

سرکس دیکھنے کے لیے پاس میں بیٹھے ہوئے بچے نہ صرف اچانک خوف زدہ ہوئے بلکہ انہوں نے چلاّنا بھی شروع کردیا کیونکہ ان کے اور ریچھ کے درمیان کوئی سیکیورٹی حصار ہی نہ تھا۔

دریں اثنا پاس میں موجود سرکس کا ایک ملازم اپنے ساتھی کو بچانے کے لیے اس پر ٹانگیں مارنے لگا، لیکن اس کے باوجود یہ ریچھ اپنی جگہ سے نہ ہل سکا۔

سرکس ہال میں موجود لوگ بھاگ کھڑے ہوئے جبکہ انتظامیہ نے اس ریچھ کو الیکٹرک کرنٹ کے ذریعے قابو کیا۔

ویڈیو میں سرکرس ٹرینر کو زخمی حالت میں زمین پر دیکھا جاسکتا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

جس خاتون نے یہ عکس بندی کی اس کا کہنا تھا کہ اس واقعے کو یاد کرتے ہوئے ان کی ٹانگیں اب بھی کانپ رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں خوفزدہ تھی کیونکہ وہاں پر شائقین کی حفاظت کے لیے کوئی رکاوٹ ہی موجود نہ تھی۔

اپنے بچوں کے ہمراہ سرکس دیکھنے کے لیے آنے والے ایک اور شخص کا کہنا تھا کہ میرے ساتھ ساتھ وہاں موجود تمام لوگ افراتفری کی حالت میں دروازے کی جانب بھاگے۔

ایک شخص نے اپنے اس تجربے کی کہانی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بتاتے ہوئے کہا کہ وہ بہت بڑا ریچھ تھا، وہ وہاں موجود لوگوں کے قابو سے باہر ہوگیا تھا۔ 

تازہ ترین
تازہ ترین