• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
امر خان بڑے پردے پر  پہلی بار جلوہ گر ہوں گی
دم مستم کی ملک بھر میں ریلیز سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں

اداکارہ اور مصنفہ امر خان نے بڑے پردے پر جلوے بکھیرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں، وہ پہلی بار بڑی اسکرین پر "دم مستم" فیچر فلم میں اپنے فن کا جادو جگائیں گی، فلم کی کہانی بھی معروف ادا کارہ نے خود تحریر کی ہے۔

دم مستم کی ملک بھر میں ریلیز سے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، فلم 2020ء میں تمام پاکستانی سینما گھروں کی زینت بنے گی، فلم میں نئی ابھرتی ہوئی اداکارہ کے مد مقابل رانجھا رانجھا کردی سے مقبولیت پانے والے عمران اشرف ہیرو کا کردار ادا کررہے ہیں۔

فلم کی کہانی ڈرامہ، مزاح اور محبت کا امتزاج لیے ہوئے ہے، جس میں دو پیار کرنے والوں کو دکھایا گیا ہے، جو ایک دوسرے کے پیار میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

فلم کے پروڈیوسر عدنان صدیقی ہیں جبکہ فلم Cereal Entertainment کے بینر تلے تیار کی گئی ہے۔

فلم کی ہدایات مقبول ترین ڈرامے’اڈاری‘ اور ’صدقے تمہارے‘ جیسے مایہ ناز ڈراموں کے ہدایت کار احتشام الدین نے دی ہیں۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں سہیل احمد، سلیم معراج، عدنان شاہ (ٹیپو) اور معروف ویلوگر مومن ثاقب شامل ہیں۔

فلم سے متعلق بات کرتے ہوئے امر خان کا کہنا تھا کہ میں اس فلم کے اسکرپٹ پر دوسال سے کام کررہی ہوں، یہ کہنا ہی میرے لیے خوشی کی بات ہے کہ بالآخر میں نے اسے وہاں رکھ دیا ہے، جہاں اس کے لیے جگہ مختص کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ دم مستم فلمی شائقین کے لیے ایک تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح ایک خوشگوار فلم ثابت ہوگی۔

امر خان کا مزید کہنا تھا کہ اتنے سارے باصلاحیت لوگوں کیساتھ کام کرکے مجھے بہت خوشی ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ امر خان ایک مصنفہ کے طور پر سامنے آئی ہیں، چشم نور میں انکی بطور اداکارہ پہلی پرفارمنس میں ان کے مد مقابل احسن خان تھے، اس ڈرامے کی کہانی بھی باصلاحیت اداکارہ کے اپنے ہی ہاتھوں تحریر کی گئی تھی۔

ہمہ جہت اداکارہ نے بہت ہی کم وقت میں غیر روایتی کرداروں اور امید افزا کہانیوں سے ایسا تاثر قائم کیا ہے جس کے نقوش ان مٹ ہیں۔ ان کے مداح انہیں دل گمشدہ میں دیکھ سکیں گے۔

تازہ ترین