• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کینیڈا الیکشن میں کامیاب ہونے والے 3 پاکستانی کون ہیں ؟

کینیڈا میں ہونے والے عام انتخابات میں تین پاکستانی نژاد کینیڈین اقراءخالد، سلمیٰ زاہد اور سمیر زبیری نے حکمران جماعت لبرل پارٹی کے پلیٹ فارم سے مخالف جماعت کے امیدواروں کو شکست دےکر کامیابی حاصل کی.

گزشتہ پارلیمنٹ میں اقراخالد اور سلمیٰ زاہد ممبر منتخب ہوئیں تھیں اور توقع کی جا رہی ہے کہ وہ اس بار بھی میدان مار لیں گی۔

سمیر زبیری :

39 سالہ سمیر زبیری 2 بچوں کے والد ہیں ۔انہوں نے قانون کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد کنکورڈیا یونیورسٹی سےریاضی کی تعلیم حاصل کی ۔وہ یونیورسٹی انتظامیہ ، قانون ، میڈیا تعلقات ، انسانی حقوق کے شعبوں سے وابستہ رہے اور کینیڈا فورسز ریزروزمیں بھی خدمات انجام دی ہیں۔

کراچی سے کینیڈا منتقل ہونے والے سمیر زبیری پہلی بار مانٹریال سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں ۔سمیر زبیری کی اہلیہ کا تعلق سیالکوٹ سے ہے۔

سمیر زبیری پہلے پاکستانی ہیں جنہوں نے کیوبیک سے ہاؤس آف کامنز کے لئے سیٹ جیتی ہے۔

سلمیٰ زاہد:

پاکستانی نژاد کینیڈین سلمیٰ زاہد نے لندن یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن سے ایجوکیشنل مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن میں ماسٹرز کیا اور پاکستان میں قائداعظم یونیورسٹی سے ایم بی اے بھی کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کینیڈا کے عام انتخابات میں پاکستانی اور مسلم کمیونٹیز کی مؤثر شرکت

پاکستانی کینیڈین سلمیٰ زاہد نے اسکربورو سینٹر فار لیبرلز کیلئے مخالف جماعت کنزر ویٹیو پارٹی کے ریزین جیمس کو شکست دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمیٰ 15 برس قبل پاکستان سے کینیڈا اپنے خاندان سمیت منتقل ہوئی تھیں

اقرا خالد :

اقرا خالد 20 نومبر 1985 کو رحیم یارخان کے نواحی علاقہ رکن پور میں پیدا ہوئیں ،اقرا خالد 2 بہنوں اور 2 بھائیوں میں سب سے بڑی ہیں۔

2007 میں یونیورسٹی آف یارک ، ٹورنٹو سے کرمنالوجی اور پروفیشنل رائیٹنگ میں ڈگری حاصل کی۔تعلیمی سرگرمیوں کےدوران وہ اپنی یونیورسٹی کی ’پاکستان اسٹوڈنٹ فیڈریشن‘ کی صدر بھی رہیں۔

انہوں نے یونیورسٹی آف میچیگن سے فقہ کی تعلیم میں ڈاکٹریٹ بھی کیا ۔

پاکستانی نژاد اقرا خالد مسلسل دوسری بار کینیڈا کی رکن پارلیمنٹ منتخب ہوگئیں۔

پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے نواحی علاقے رکن پور سے تعلق رکھنے والی اقرا خالد کینیڈا کے حالیہ انتخابات میں جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی کے ٹکٹ پر مسی سوگا شہر سے کامیاب ہوئی ہیں۔

کینیڈا کے گذشتہ انتخابات 2015 میں بھی وہ اس حلقے سے بھاری ووٹوں سے جیتنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیے: عمران خان کی جسٹن ٹروڈو کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

واضح رہے کہ جسٹن ٹروڈو کی لبرل پارٹی کینیڈا کے عام انتخابات 2019 میں ایک مرتبہ پھر سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔

جسٹن ٹروڈو کی جماعت نے حالیہ انتخابات میں 157 نشستیں حاصل کرلیں جبکہ ان کی حریف کنزرویٹو پارٹی نے 121 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔

یاد رہے کہ کینیڈا میں بڑی تعداد میں پاکستانی کینیڈین رہائش پذیر ہیں، جو ملک کے دیگر اداروں میں خدمات انجام دینے سمیت سیاست کے میدان میں بھی آگے آگے ہیں۔

تازہ ترین