• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ٹنڈومحمدخان میں بچوں کے دل کے آپریشن کا جلد آغاز‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور ٹنڈو محمد خان سے رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر نے کہا ہے کہ ٹنڈو محمدخان میں بچوں کے دل کے آپریشن جلد شروع ہونے جا رہے ہیں۔

این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمدخان کی دوسری سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید نوید قمر نے کہا کہ جلد ہی یہ اسپتال سندھ کا سب سے بہترین دل کا اسپتال ہوگا جہاں پر تھرپارکر، بدین ،ماتلی ،ٹھٹہ سمیت دیگر علاقوں سے مریض علاج کے لیے آیا کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ حکومت سندھ کی مالی معاونت پر انحصار کم سے کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مقامی ذرائع سے فنڈز اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمدخان کو ایک جدید ترین اسپتال بنایا جاسکے۔

سید نوید قمر نے این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمدخان کی دوسری سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جبکہ اس موقع پر قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سید ندیم قمر، این آئی سی وی ڈی کے پریوینٹو کارڈیالوجی کے سربراہ ڈاکٹر خاور کاظمی، پاکستان کارڈیک سوسائٹی کے سربراہ پروفیسر فیروز میمن، پروفیسر جان محمد، ڈاکٹر غضنفر شاہ سمیت سمیت دیگر ماہرین امراض قلب اور ماہرین صحت موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے: ‎NICVD کی مشینیں خراب، مریضوں کی جان کو خطرات

سید نوید قمر کا کہنا تھا کہ ایک ایسے علاقے میں جہاں چند سال پہلے تک ای سی جی کی سہولت بھی مہیا نہیں تھی وہاں اب بائی پاس آپریشن کیے جا رہے ہیں، دل میں پیس میکر لگائے جارہے ہیں اور جلد ہی بچوں کے امراض کے پیچیدہ آپریشن کیے جائیں گے جس کے نتیجے میں ہزاروں جانیں بچائی جاسکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں قومی ادارہ برائے امراض قلب کے ٹنڈو محمدخان میں واقع سیٹلائٹ سینٹر میں بچوں کے دل کے امراض کے آپریشن شروع ہوجائیں گے، مقامی پٹرولیم کمپنیاں این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان میں دوسرے آپریشن تھیٹر اور اسٹرلائیزیشن ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے لیے ڈیڑھ سے دو کروڑ روپے دینے کا وعدہ کیا ہے۔

این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمدخان ایک چھوٹے شہر میں بڑا اسپتال ہے، اس کی برکت سے ٹنڈو محمد خان جلد ایک بڑا اور جدید شہر بن جائے گا، علاقے کے صاحب ثروت افراد سے گذارش کرتے ہیں کہ آگے آئیں اور اپنے شہر میں صحت کی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کے لیے مالی معاونت کریں۔

این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ندیم قمر کا کہنا تھا کہ سندھ میں تمام بڑے شہروں میں دل کے امراض کے اسپتال قائم کرنے کے بعد ان کا خواب ہے کہ ان اسپتالوں میں بچوں کے پیچیدہ امراض کی سرجری بھی ممکن ہوسکے۔ ہمارا یہ خواب جلد ہی پایہ تکمیل تک پہنچ جائے گا کیونکہ اگلے چند ہفتوں میں این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان میں بچوں کے دل کے آپریشن شروع ہوجائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: NICVD میں مصنوعی دل لگانے کا پروگرام بند

ان کا کہنا تھا این آئی سی وی ڈی ٹنڈو محمد خان میں میں دنیا کا بہترین علاج مہیا کیا جارہا ہے جہاں پر نہ صرف انجیوگرافی انجوپلاسٹی بلکہ بائی پاس سرجریز کی سہولت بھی میسر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ادارہ حکومت سندھ، میڈیا اور ادویہ ساز کمپنیوں کے تعاون سے جلد ہی دل کے امراض سے روک تھام کا پروگرام شروع کرنے جا رہا ہے۔ پاکستان میں اس شعبے میں گزشتہ ستر سال سے کوئی خاطر خواہ کام نہیں ہوا لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ دل کے امراض سے روک تھام کا پروگرام شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کو قبل از وقت دل کی بیماریوں سے مرنے سے بچایا جا سکے۔

این آئی سی وی ڈی ٹنڈومحمد خان کے انچارج ڈاکٹر غضنفر شاہ نے اسپتال کی دو سالہ کارکردگی کی رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ گزشتہ دو سالوں میں ان کے اسپتال میں ساڑھے تین لاکھ مریضوں کا معائنہ اور علاج کیا گیا۔ گزشتہ دو سالوں میں ستر مریضوں کی بائی پاس سرجری کی گئی جبکہ ہزاروں مریضوں کی انجوگرافی انجوپلاسٹی اور دیگر پروسیجر کیے گئے۔

تازہ ترین