بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے شوہر نک جونس کو کنسرٹ کے دوران خاتون مداح کی جانب سے جنسی ہراساں کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرجونس برادرز کے لاس اینجلس میں ہونے والے کنسرٹ ’ہالی ووڈ باؤل‘ کی ویڈیو وائرل ہو گئی جس میں تینوں بھائی کیون جونز، جوزف جونز اور نکولس (نک) جونز مداحوں کے درمیان پُرجوش انداز میں پرفارم کرتے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیومیں دیکھا جاسکتا ہے کہ نک جونس اپنے بھائیوں کے ساتھ پرفارم کر رہے ہیں، اسی دوران ان کے پیچھے کھڑی ایک مداح انہیں ہاتھ لگاتی ہے تاہم سیکیورٹی گارڈ آ کر اسے پیچھے کر دیتے ہیں، لیکن خاتون پھر بھی باز نہیں آتی اور مسلسل نک جونس کو تنگ کرتی رہتی ہے۔
خاتون مداح کی اس حرکت سے تنگ آ کر نک جونس نے بھی پیچھے مڑ کر اس لڑکی کو دیکھا اور اس کاہاتھ پیچھے ہٹانے کی کوشش کی۔
بعد ازاں نک جونس نے کامیاب کنسرٹ کے انعقاد پر ٹوئٹر پر مداحوں کا شکریہ ادا کیا تاہم اپنے پیغام میں کنسرٹ کے دوران ہونے والی جنسی ہراسانی کا کوئی ذکر نہیں کیا۔