• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا آسٹریلیا کیلئے کھیلنے کے بیان پر عثمان قادر نے یوٹرن لیا؟

کیا آسٹریلیا سے کھیلنے کے بیان پر عثمان قادر نے یوٹرن لیا؟


لیجنڈری اسپنر عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے بین الاقوامی میچ کھیلنا اور آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ بننے کا موقع چھوڑنا ان کے لیے یوٹرن نہیں ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا کی ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں قومی ٹیم کے اسکواڈ کا حصہ بننے والے عثمان قادر آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں کینگروز کی نمائندگی کرنے کے لیے پہلے ہی ناامید ہیں۔

عثمان قادر آسٹریلیا میں مقیم تھے اور وہاں آسٹریلیا کی ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے میں مصروف تھے، تاہم وہ رواں برس ہی وطن لوٹے ہیں اور اب اپنے مرحوم والد عبدالقادر کی خواہش کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے اپنا ڈیبیو کریں گے۔

پاکستان ٹیم اس وقت آسٹریلیا میں موجود ہیں جہاں وہ تین ٹی ٹوئنٹی اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز میں کینگروز سے ٹکرائے گی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے عثمان قادر کو پاکستانی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ اس سیریز کے دوران اپنا ڈیبیو بھی کریں گے۔

عثمان قادر کا کہنا تھا کہ انہیں قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل ہونے کی خبر ان کی اہلیہ کے ذریعے ملی جو بے حد خوش دکھائی دے رہیں تھیں۔

لیگ اسپنر آسٹریلیا کے مستقبل ویزا کے لیے درخواست دے چکے تھے، جبکہ وہ آسٹریلیا کے ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کے دوران تینوں فارمیٹس میں ویسٹرن آسٹریلیا اور پرتھ اسکورچرز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

گزشتہ برس جنوبی افریقا کے دورہ آسٹریلیا کے دوران وہ ٹور میچ میں پروٹیز کے خلاف آسٹریلیا کی طرف سے پرائم منسٹر الیون کی نمائندگی کر چکے ہیں۔

اس میچ میں آسٹریلین ٹیم نے جنوبی افریقا کی ٹیم کو باآسانی شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ اپنے 10 اوورز کے کوٹے میں عثمان قادر 28 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں بولر رہے تھے۔

عثمان قادر نے آئندہ برس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا، تاہم ان کے والد عبدالقادر انہیں پاکستان کی جانب سے کھیلتے ہوئے دیکھنے کے خواہشمند تھے۔

لیگ اسپنر نے پاکستان کے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جس کے بعد چیف سلیکٹر مصباح الحق نے انہیں دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستانی اسکواڈ کے لیے منتخب کرلیا۔ 

اپنے بارے میں عثمان قادر کہتے ہیں کہ ان کا مقصد آسٹریلیا کے لیے کھیلنا تھا، اور اپنے والد سے کہا کہ مجھے پاکستان کی جانب سے کھیلنے کا موقع نہیں ملا، اسی وجہ سے میں آسٹریلیا جانا چاہتا ہوں اور اپنے کیریئر کو وہیں جاری رکھنا چاہتا ہوں۔ 

انہوں نے بتایا کہ ان کے والد نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں پاکستان کے لیے کھیلوں جو میرا ملک ہے۔ 

عثمان قادر نے کہا کہ  میرے والد نے مجھے کہا تھا کہ ’اگر تم آسٹریلیا جانا چاہتے ہو تو جاسکتے ہو، یہ تمھارا اپنا فیصلہ ہوگا لیکن میرا خواب ہے کہ تم پاکستان کے لیے کرکٹ کھیلو۔‘ 

اپنی سیلیکشن سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ میں نے ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں زیادہ وکٹیں تو نہیں لیں لیکن سلیکٹرز نے مجھ پر اعتماد کیا اور کہا کہ ہم آپ کو دورہ آسٹریلیا کے لیے منتخب کر رہے ہیں۔ 

عثمان قادر نے کہا کہ پاکستان واپس آنا میرے لیے یوٹرن نہیں ہے، میں نے وہاں تمام کرکٹ کھیلی، اگر میں آسٹریلیا کے لیے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنا چاہتا تو مجھے وہاں کا مقامی بننا تھا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ سب نے مجھ سے کہا کہ میں نے یو ٹرن لیا ہے، لیکن میں نے تو کوئی یو ٹرن نہیں لیا۔ 

عثمان قادر نے واضح کیا کہ میں نے پہلے کہا تھا کہ میں آسٹریلیا کی جانب سے کھیلنا چاہتا ہوں، لیکن اپنے ملک سے کھیلنا تو بہت بڑی بات ہے۔ 

تازہ ترین