• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ ٹیلنٹ صرف پاکستان میں ہے، شعیب اختر


پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ایک ہاتھ سے معذور شخص کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹیلنٹ صرف پاکستان میں ہے۔

’راولپنڈی ایکسپریس‘ کے نام سے جانے جاتے شعیب اختر نے گزشتہ دِنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک معذور شخص کی ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ایک ہاتھ سے موٹر سائیکل چلا رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شعیب اختر کی گاڑی سگنل پر رُکی ہوئی تھی  اُسی دوران اُنہوں نے دیکھا کہ ایک شخص جو ایک ہاتھ سے معذور ہے موٹرسائیکل پر بیٹھا سگنل کُھلنے کا انتظار کر رہا ہے۔

شعیب اختر نے اُس شخص کی ویڈیو بناتے ہوئے اُس سے پوچھا کہ ’یار ! یہ ایک ہاتھ سے کیسے چلا لیتے ہو ؟ تو اُس شخص نے اپنے نامکمل ہاتھ سے موٹر سائیکل کو گیئر لگایا ، اُس پر شعیب اختر نے کہا کہ دوبارہ کرکے دِکھائیں، اُس شخص کے دوبارہ کرنے پر سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ واہ بھئی بہت اچھے، یہ ٹیلنٹ صرف پاکستان میں ہی ہو سکتا ہے۔‘

شعیب اختر کی یہ ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرنے کے بعد سے ناصرف پاکستانی ٹوئٹر صارفین اِس ویڈیو کو دیکھ کر پاکستان کے ٹیلنٹ کی تعریف کررہے ہیں بلکہ سرحد پار صارفین بھی پاکستانیوں کی صلاحیتوں کو سراہنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

راج نامی بھارتی صارف نے شعیب اختر کی ویڈیو پر کمنٹ کیا کہ ’ اگرچہ میں ایک بھارتی ہوں لیکن مجھے اِس شخص کی ہمت اور بہادری بہت پسند آئی ہے۔‘

ایک اور بھارتی صارف نے لکھا کہ ’ٹیلنٹ ہے آپ کے پاکستان میں، آپ بھی تو اسپیڈ کنگ آف یونیورس ہو۔‘

ایک اور بھارتی صارف نے اُس شخص کے لیے دُعا کرتے ہوئے کمنٹ کیا کہ ’خدا اِس کو خوش رکھے اور برکت دے، میں اِس شخص کی ہمت اور اعتماد کو سلام پیش کرتا ہوں۔‘

کپیل شرما نامی صارف نے لکھا کہ ’یہ شخص پوری کائنات کے لیے ایک مثال ہے۔‘

حارث نامی صارف نے لکھا کہ ’اِس بہادر لڑکے کی ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔‘


تازہ ترین