• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالم نگار اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کی 25 ویں برسی

کالم نگار اور مصنف  دلدار  پرویز بھٹی کی 25 ویں برسی


پاکستان ٹیلی ویژن اور ریڈیو کے نامور کمپیئر، کالم نگار اور مصنف دلدار پرویز بھٹی کی 25 ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔

وہ 30 نومبر 1948 ء کو گوجرانوالہ میں پیدا ہوئے، مختصرعرصے میں سیکڑوں دلوں میں گھر کرنے والے ٹی وی اور ریڈیو کے ہر دل عزیز کمپیئر دلدار پرویز بھٹی اپنی حاضر جوابی میں بے مثال تھے۔

بیک وقت اردو، انگریزی اور پنجابی زبان پر عبور، ان کی پہچان کی وجہ بنا اور اِن تینوں زبانوں میں برجستہ مزاح ان کی کمپئرنگ کا خاصہ تھا۔

دلدار پرویز بھٹی نے اپنے فنی سفر کا آغاز ریڈیو پاکستان لاہور سے کیا۔

1974ء میں ٹیلی ویڑن پر پروگرام کرنے کا موقع ملا تو ان کے عوامی انداز کو ملک گیر شہرت حاصِل ہوئی۔

ٹی وی پروگرامز ٹاکرا ، یادش بخیر ، اور جواں فکر ، کی کامیابی کے بعد 1987ء میں انہوں نے میلہ پروگرام کیا، 1990 ء میں 'میلہ کو ’پنجند‘ کا نام دے دیا گیا جو آج تک مرحوم کی پہچان ہے۔

دلدار پرویز بھٹی نے کتابیں بھی تحریر کیں جن میں ’دلداریاں، آمنا سامنا اور دلبر دلبر نمایاں ہیں۔

30 اکتوبر 1994 میں امریکا میں شوکت خانم کینسر اسپتال کے لیے فنڈز جمع کرنے کے دوران دماغ کی شریان پھٹ جانے سے دلدار پرویز بھٹی کا انتقال ہوا۔

تازہ ترین