• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحیرۂ عرب میں ’ماہا‘ کی تشکیل، خطے میں 3 طوفان موجود

بحیرۂ عرب میں شدید سمندری طوفان ’کیار‘ کے خاتمے سے قبل ہی ایک اور طوفان تشکیل پاگیا ہے جسے سائیکلون ’ماہا‘ کا نام دے دیا گیا ہے، جبکہ قریب ہی ساؤتھ چائنہ سی میں بھی ایک اور طوفان بن گیا ہے۔

پاکستانی محکمۂ موسمیات کے مطابق جنوب مشرقی بحیرۂ عرب میں ہوا کا شدید کم دباؤ ایک اور سمندری طوفان میں تبدیل ہوگیا ہے جسے سمندری طوفان ’ماہا‘ کا نام دیا گیا ہے جس کے بعد اس وقت بحیرۂ عرب میں موجود طوفانوں کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔

پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ سندھ کے چیف میٹرولوجیکل آفیسر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ اس وقت وقت نہ صرف بحیرۂ عرب میں 2 طوفان موجود ہیں بلکہ ساؤتھ چائنہ سی میں بھی اور ایک طوفان تشکیل پا چکا ہے۔

ماہرینِ موسمیات کا کہنا ہے کہ ایک ہی وقت میں ایک علاقے میں 3 طوفانوں کی تشکیل اس بات کا ثبوت ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے زیرِ اثر نئے حوادث جنم لے رہے ہیں اور آنے والے چند سالوں میں موسمیاتی حوادث کے نتیجے میں ہونے والی تباہی میں کافی حد تک اضافہ ہو جائے گا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سمندروں کا درجۂ حرارت بڑھنے کی وجہ سے طوفانوں کی تشکیل بھی بڑھ گئی ہے جس کا ثبوت بحیرۂ عرب میں بیک وقت 2 طوفانوں کی تشکیل جبکہ پڑوسی ساؤتھ چائنہ سی میں بھی ایک طوفان کی تشکیل ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: طوفانوں کے نام کون رکھتا ہے؟

پاکستانی محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ نو تشکیل شدہ طوفان ’ماہا‘ جسے یہ نام عمان کے محکمۂ موسمیات کی تجویز پر دیا گیا ہے، بحیرۂ عرب میں پہلے سے موجود طوفان ’کیار‘ کے نقشِ قدم پر چلے گا اور اس کا رخ بھی عمان اور یمن کے ساحلوں کی طرف ہی ہوگا۔

تازہ ترین