• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قدیم گاڑیوں کا شوق کینیڈین کروڑ پتی کی جان لے گیا

قدیم گاڑیوں کا شوق کینیڈین کروڑ پتی کی جان لے گیا


پرانی اور تاریخی کاریں جمع کرنے اور ان پر لانگ ڈرائیو کے شوقین کینیڈا کے 80 سالہ کروڑ پتی ران کیرے کی ناگہانی موت نےان کے مداحوں، دوستوں اور ان کے ہم وطنوں کو رنجیدہ کردیا۔

ان کی موت گزشتہ روز اس وقت ہوئی جب وہ اپنی 1903کی کونیکس رن آباؤٹ (اولڈ پورکوپائن) گاڑی میں لندن سے برائٹن تک ہونے والی بزرگ افراد کی کار ریلی میں شریک تھے اور برطانیہ کے M23 موٹر وے پر ایک غلط ٹرن لینے کے باعث ایک ٹرک نے ان کی کار کو ٹکر ماردی تھی۔ ران کیرے کے اس کار کی مالیت ایک اندازے کے مطابق سات برس قبل 53ہزار برطانوی پائونڈ تھی۔

ران کیرے  کا شمار تیل کی صنعت سے وابستہ کروڑ پتی افراد میں ہوتا تھا۔ ان کا تعلق کینیڈا کے صوبے البرٹا کے شہر کیلگری سے تھا۔ ان کی موت حادثے کے بعد فوری طور پر ہوگئی تھی، جبکہ انکی اہلیہ بیلی شدید زخمی ہوئیں اور انھیں جنوبی لندن کے سینٹ جارج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

ران کیرے جس پرانی کار میں اس ریلی میں شریک تھے اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 35 میل فی گھنٹہ تھی اور اس میں انڈیکیٹرز بھی نہیں تھے۔ یاد رہے کہ حادثے میں انکی کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ وہ اس سے قبل 2011، 2012اور 2013کی پرانی کاروں کی ریلی میں بھی شرکت کرچکے تھے۔

انکے ایک چالیس برس پرانے افسردہ دوست نے ایک برطانوی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ بہت نفیس اور ہردلعزیز انسان تھے، اور انکی ناگہانی موت ایک بڑا نقصان ہے۔

انہیں پرانی اشیاء خاص کر پرانی کاریں جمع کرنے کا جنون تھا، وہ سفر کے شوقین تھے اور اس مقصد کے لیے وہ انہی پرانی (ونٹیج ) کاروں کی ریلی میں شریک ہوا کرتے تھے۔

انہوں نے ساری زندگی محنت و مشقت کی، کمسنی میں والدین کے انتقال کے بعد انہیں ان کی والدہ کی دادی نے پالا تھا، وہ سترہ برس کے تھے تو سردیوں میں  آئل رگز پر کام کرتے اور گرمیوں میں سڑکوں کی تعمیر کے کاموں میں مزدوری کیا کرتے تھے، صرف 34 برس کی عمر میں انہوں نے آئل سپلائی کمپنی جے اینڈ ایل قائم کی اور پھر خوب پیسہ کمایا۔

وہ پرانی کاریں جمع کرنے والے میوزیمز کو ونٹیج گاڑیاں عطیہ کیا کرتے تھے، اس حوالے سے انہوں نے دو میوزیمز گیسولین ایلے اور پائنیر ایکرز کو گاڑیاں دی تھیں۔انکی ذاتی کلیکشن میں 38لاکھ برطانوی پاؤنڈ مالیت کی پرانی کاریں موجود ہیں، جبکہ ان کی نہایت ہی شاندار رہائش گاہ پیراڈائز ویلی ایریزونا امریکا میں ہے۔

تازہ ترین