• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلند و بالا عمارتیں، خوبصورت، صاف شفاف اور چوڑی سڑکیں، لکڑی کے بنے ہوئے خوبصورت مکانات، نظریں ملاتے ہی مسکراہٹوں کا تبادلہ قومی آداب میں شامل، قومی خوشحالی عوام کے چہروں سے عیاں نظر آئے، جی ہاں میں اس وقت تیسری دنیا کے عوام کے خوابوں کے مرکز ملک کینیڈا میں موجود ہوں، یہاں کا موسم بھی من موہ لینے والا ہے، گرمیوں کا اختتام اور سردیوں کی آمد کے موقع پر کینیڈا کا موسم بھی انتہائی خوبصورت منظر پیش کرتا ہے جب درختوں پر موجود سبز پتے شاخوں سے جھڑنے سے پہلے اپنا رنگ تبدیل کرکے شوخ و چنچل سرخ اور آنکھوں کو بھانے والا پیلا کر لیتے ہیں، کینیڈا رقبے کےلحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے جس کا رقبہ تقریباً ایک کڑوڑ اسکوائر کلومیٹر سے کچھ ہی کم ہے، تاہم آبادی صرف پونے چار کڑوڑ نفوس پر مشتمل ہے جس میں غیر ملکی امیگرنٹ بھی بہت بڑی تعداد میں شامل ہیں، یہاں مسلمان کل آبادی کا تین فیصد ہیں یعنی دس لاکھ لوگ مسلمان ہیں، نسل پرستی نہ ہونے کے برابر ہے اور سنگین جرائم میں شامل ہے یہی وجہ ہے کہ شہریوں کو مذہبی آزادی پوری طرح حاصل ہے جبکہ مسلمانوں کی مساجد بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جنھیں اسلامی طرزِ تعمیر کو مدِنظر رکھتے ہوئے خوبصورت انداز میں تعمیر کیا گیا ہے جبکہ اسلامک اسکول اور مدارس بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں جہاں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ و طالبا ت دینی تعلیم کے حصول میں کوشاں ہیں، قرآن کریم حفظ کرانے کے مراکز بھی پوری طرح کام کررہے ہیں اور حفظ کرنے والے بچے اور بچیوں کو دنیاوی تعلیم بھی بہترین طریقے سے دی جارہی ہے، پاکستانی کمیونٹی کی غیر سرکاری تعداد بھی پانچ لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل ہے جو اپنے اپنے شعبے میں بہترین خدمات انجام دے رہے ہیں، پاکستانی سیاست، تجارت، صحافت، سائنس و ٹیکنالوجی، اسٹیل، میڈیکل اور شعبہ ہائے زندگی کے ہر پیشے سے ہی منسلک ہیں جبکہ کئی کینیڈا کی سیاست میں اہم مقام بھی حاصل کرچکے ہیں اور حکمراں جماعت میں شامل ہوکر رکن پارلیمنٹ بھی منتخب ہوچکے ہیں، تاہم کینیڈا جیسے ملک میں جس چیز کی کمی محسوس ہوئی وہ یہ کہ کینیڈا کے پاکستان کے ساتھ تجارتی و معاشی طور پر اس سطح کے تعلقات نہیں ہیں جن کی پاکستان کو اس وقت اشد ضرورت ہے، سب سے اہم پاکستان کینیڈا کے ساتھ تجارت کے شعبے میں انتہائی پیچھے ہے۔ 

اس وقت کینیڈا کی دو طرفہ مجموعی تجارت سات سو أرب ڈالر ہے جس میں برآمدات تین سو ستر أرب ڈالر اور درآمدات تین سو بیس أرب ڈالر ہیں جس کے سبب پچاس أرب ڈالر کا تجارتی فائدہ کینیڈا کے حق میں ہے جبکہ کینیڈا کی فی کس آمدنی بھی اڑتالیس ہزار ڈالر فی کس ہے۔ پاکستان کی کینیڈا کے لئے برآمدات صرف تین سو بارہ ملین امریکی ڈالر ہیں جبکہ کینیڈا سے پاکستان کو کی جانیوالی برآمدات کا حجم پانچ سو بتیس ملین ڈالر ہے جو کینیڈا جیسی بڑی معیشت میں نہ ہونے کے برابر ہے، اس حوالے سے ٹورنٹو میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل عمران احمد سے ملاقات ہوئی جس میں انھوں نے کینیڈا سےانتہائی کم تجارت ہونے کا اعتراف بھی کیا ساتھ ہی اپنی سفارتی کوششوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا تاہم مورود الزام پاکستان کی کمزور معیشت اور پاکستانی برآمد کنندگان کی کم دلچسپی کو ہی ٹھہرایا، تاہم ساتھ ہی پاکستانی طالب علموں کے لئے ایک اچھی خبر سے بھی آگاہ کیا جس کے تحت کینیڈا کے امیگریشن کے وزیر جناب احمد حسین کی جانب سے پاکستان کو SDS-student Direct Stream پروگرام میں شامل کرکے فاسٹ ٹریک ویزا پروگرام میں شامل کردیا گیا ہے اس پروگرام میں پہلے صرف بھارت، فلپائن، چین اور ویت نام کے طلبا کو شامل کیا گیا تھا تاہم اب اس پروگرام میں پاکستان کو بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت کینیڈا آنے والے طلبہ و طالبات کو کینیڈا میں مستقل رہائش اور امیگریشن کے مواقع بھی حاصل ہو سکیں گے، تاہم بدقسمتی سے گزشتہ سال صرف پانچ ہزار پاکستانی طلبہ کینیڈا پہنچ سکے ہیں لہٰذا پاکستانی قونصل جنرل نے کئی پاکستانی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز سے ذاتی طور پر رابطہ کر کے پاکستانی طلبہ کو کینیڈا بھجوانے کی درخواست کی ہے۔ راقم نے براہ راست پاکستانی قونصل جنرل کا رابطہ کراچی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد عراقی سے کرایا جس کے بعد امید ہے کہ کراچی یونیورسٹی سمیت پاکستان بھر کے طلبہ کینیڈا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کےلئے ملنے والی سہولت سے فائدہ حاصل کر سکیں گے، کینیڈا میں گزارے گئے چند دنوں میں ممتاز پاکستانیوں سے بھی ملاقات رہی۔ کینیڈا کے معروف صحافی سید توصیف احمد اور عالم لاء کی جانب سے راقم کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کینیڈا کی معروف صحافتی و کمیونٹی کی شخصیات اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کا موقع ملا، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ نہ صرف پاکستانیوں کو کینیڈا میں مزید کامیاب کرے بلکہ پاکستان کو بطور ملک کینیڈا کے ساتھ بہترین معاشی و تجارتی تعلقات بھی عطا کرے۔

تازہ ترین