• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ٹی ڈی کی پشاور میں کارروائی ‘بھتہ خور پکڑا گیا

پشاور (کرائم رپورٹر) کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے افغانستان کی سم سے پشاور میں لوگوں سے بھتہ طلب کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گزشتہ ایک ماہ سے نامعلوم افراد افغانستان کی سم کے ذریعے عارف ولد عزت خان سکنہ مہمند حال سردار احمد جان کالونی پشاور اور اس کے بھتیجے مسیزئی خان سے بھتہ طلب کررہے تھے اور نہ دینے کی صورت میں انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے تھے۔ سی ٹی ڈی کی ٹیم نے سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے بھتہ خور حبیب خان ولد گلفت خان سکنہ ناساپہ پایان بخشو پل کو باچاخان سبزی منڈی سے گرفتار کرکے تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ علاوہ ازیں کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خوری میں ملوث چار ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا۔ محمد عمران ولد فضل اکبر سکنہ جھگڑا نے تھانہ چمکنی پولیس کو رپورٹ کراتے ہوئے بیان کیا کہ وہ گھر جا رہا تھا کہ اس دوران چند نامعلوم افراد نے خود کو سرکاری اہلکار ظاہر کرکے گاڑی میں ڈال کر اغوا کرنے کے بعد اسے حبس بے جا میں رکھا۔ جبکہ بعد میں اس کے والدین سے لاکھوں روپے بھتہ کا مطالبہ کیا اور دو لاکھ 65ہزار روپے بھتہ کی رقم وصول کی گئی۔ اب ملزمان مزید لاکھوں روپے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مدعی کی رپورٹ پر مقدمہ درج خصوصی ٹیم نے جدید وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تفتیش کا اغاز کر دیا جس دوران ملزمان تک رسائی حاصل کرکے کامیاب کارروائی کے دوران چار رکنی بھتہ خور گروہ واحد ولد ملک خان‘ پرویز ولد سنگین‘ زاہد اور مزمل کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کرلیا۔
تازہ ترین