• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکاٹ لینڈ کے علاقے پولک شیلڈ کی بلڈنگ میں آگ لگ گئی

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ میں پاکستانیوں کی اکثریت کے سب سے بڑے علاقے پولک شیلڈز میں ایک بلڈنگ میں آگ لگنے سے ایک دکان اور اس کے اوپر بنے فلیٹس زمین بوس ہوگئے، خوش قسمتی سے کوئی شخص زخمی نہیں ہوا، صرف ایک شخص کو دھواں گلے میں جانے کی وجہ سے ہسپتال لے جایا گیا۔ واقعات کے مطابق البرٹ ڈرائیو کی ایک گروسری شاپ اسپائس گارڈن میں رات ساڑھے گیارہ بجے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند ہی منٹوں میں تیزی کے ساتھ پوری بلڈنگ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فوری طور پر ایمرجنسی سروسز وہاں پہنچ گئیں اور9فائر انجن اور دو سیڑھیوں والے انجن آگ بجھانے کے کام میں مصروف ہوگئے اور انہوں نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر اوپر والے فلیٹس کے تمام رہائشیوں کو بچا لیا، فائر بریگیڈ والے تمام رات یہاں موجود رہے۔ تقریباً ڈیڑھ سو سالہ قدیم بلڈنگ کا بڑا حصہ زمین بوس ہوگیا لیکن آگ پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا۔ پولیس نے پورے علاقے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔ آگ لگتے ہی مقامی مساجد، گوردوارے، گرجا گھروں اور دیگر افراد متاثرین کی مدد کرتے رہے، البرٹ ڈرائیو پر واقع پولک شیلڈز پرائمری اسکول اور پولک شیلڈ لائبریری کو بھی عوام کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ نزدیکی ٹرام وے میں حادثے سے متاثر ہونے والے افراد کی ہر طریقے سے مدد کی جارہی ہے، علاقے میں بجلی اور پانی کی سروسز عارضی طور پر بند کردی گئی ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن، جسٹس سیکرٹری حمزہ یوسف، لیبر پارٹی کے شیڈو ہیلتھ سیکرٹری انس سرور اور علاقے کے کونسلر حنیف راجہ نے متاثرین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کو ہر ممکن مدد کی پیش کش کی ہے۔ 
تازہ ترین