• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیو مہم شروع، آٹھ لاکھ ستر ہزار بچوں کو قطرے پلائے جائینگے

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) راولپنڈی میں پولیو مہم شروع ہوگئی جو پندرہ نومبر تک جاری رہے گی۔اس دوران پانچ سال سے کم عمر تقریبا آٹھ لاکھ ستر ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر راولپنڈ ی سیف اللہ ڈوگر نے ہدایت کی ہے کہ محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ ادارے فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی اور سستی نہ برتیں ۔ دریں اثناء رکن پنجاب اسمبلی سبرینہ جاوید نے کہا ہے کہ پولیو کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے عوامی تعاون ناگزیر ہے۔ والدین 5سال سے کم عمر بچوں کو عمر بھر کی ذہنی اور جسمانی معذوری سے بچانے کیلئے پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔ حکومت پنجاب صوبے سے پولیو کے خاتمے کیلئے کوشاں ہے۔ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے قومی جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ہم اپنی نئی نسل کا مستقبل سنوار سکیں۔ یہ بات انہوں نے محکمہ سماجی بہبودو بیت المال پنجاب کے زیراہتمام صنعت زار راولپنڈی میں پولیو آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اسلم میتلا، مسز طلعت شبیر، ڈپٹی ڈائریکٹر محمد سلیم، عامر شاہ، رضوانہ بشیر، صائمہ افضل، عقیلہ تسنیم، طلباء و طالبات اور سماجی کارکنان بھی موجود تھے۔ سبرینہ جاوید نےکہا کہ حکومت نے پولیو کے مکمل خاتمے کا تہیہ کر رکھا ہے اور وقت کا تقاضہ ہے کہ ہم بحیثیت شہری اور ذمہ دار والدین کے طور پر اپنے فرائض کا احساس کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے پولیو مہم کے دوران پولیو ویکسین کی دستیاب سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
تازہ ترین