• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائی کمیشن فار پاکستان کا یکجہتی کشمیر سیمینار کل منعقد ہوگا

لندن (جنگ نیوز) ہائی کمیشن فار پاکستان لندن روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے جمعرات کو کشمیر یکجہتی سیمینار منعقد کررہا ہے۔ اس کے موضوعات میں مسئلہ کشمیر کی ابتدا اور تقسیم برصغیر ہند کی بعد کی صورت حال، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر اور اس کا کردار، بے شمار دستاویزات کی روشنی میں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، علاقائی سلامتی پر کشمیر کے مسئلے کا اثر، علاقائی خوش حالی اور ترقی پر کشمیر کے تنازع کا اثر اور کشمیری خواتین ہیں جو حل نہ ہونیوالے تنازع کی بدقسمت متاثرین ہیں۔ سات عشرے گزر جانے کے باوجود اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کرایا جاسکا ہے۔ اقوام متحدہ نے1948ء میں حق خودارادیت کی کشمیری جدوجہد کو تسلیم کیا تھا۔ 1948ء اور1949ء کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر کی ریاست کا الحاق کا مسئلہ آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے کے جمہوری طریقے سے طے کیا جائیگا۔ تاہم ان قراردادوں پر70سال کا عرصہ گزر جانے کے باوجود عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے۔ کشمیریوں کی نسلوں کو سفاکانہ ظلم و ستم کا سامنا ہے۔ 1989ء سے اب تک حق خودارادیت کی جدوجہدمیں ایک لاکھ سے زائد افراد شہید ہوچکے ہیں، ہزاروں خواتین بیوہ ہوگئیں اور انکی عصمت دری کی گئی اور پیلٹ گنوں سے نوجوانوں کو اندھا کیا جارہا ہے۔ مسئلہ کشمیر جو ایک سیاسی مسئلہ ہے، علاقائی سلامتی انسانی حقوق اور سماجی و اقتصادی اثر کے ساتھ دوسری جہتیں بھی حاصل کرچکا ہے اور سیمینار کا مقصد ان ہی جہتوں کے حوالے سے مسئلے کا جائزہ لینا ہے۔
تازہ ترین