• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی واپسی کیلئے کوششیں

اسلام آباد ( طارق بٹ ) قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کیلئے اپوزیشن کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔جواب میں اپوزیشن نے بھی کچھ شرائط عائد کر دی ہیں،

اسپیکر اسد قیصر اپوزیشن کو اپنی قرار داد واپس لینے کیلئے قائل کرنے کی کوششوں میں پیش پیش ہیں۔

اس مقصد کیلئے ان کے مطابق مسلم لیگ ( ن) پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ( ف) کے نمائندوں پر مشتمل وفد اسپیکر ہی کی درخواست پر ان سے ملے گا۔

ان کوششوں کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے قومی اسمبلی کے جاری سیشن میں دو روز کا وقفہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی شرائط میں سرفہرست قومی اسمبلی سے آدھے گھنٹے کے اندر منظور کئے جانے والے تمام 9 صدارتی آرڈیننسوں کی واپسی کا مطالبہ شامل ہے ۔

دوسرے اپنی اپیل کے فیصلے تک قاسم سوری قومی اسمبلی کے کسی بھی اجلاس کی صدارت نہیں کرینگے۔ فیصلہ سپریم کورٹ کرے گی ، سماعت کیلئے عدالت عظمیٰ سے وقت مانگا جائے گا ۔ ایک مطالبہ یہ بھی ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں آرڈیننسوں کے اجرا کو روکا جائے،

رابطہ کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ قومی اسمبلی کی اہمیت کبھی اس قدر کم نہیں کی گئی۔ منتظمہ دستور سازی کر رہی ہے جو کسی بھی طرح اس کا دائرہ اختیار نہیں ہے۔

ایک اور اپوزیشن رہنما نے کہا کہ قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا مقصد حکمراں اتحاد کو اپنی بقاء کی جدوجہد میں مصروف رکھنا ہے ۔

تازہ ترین