• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لگتا ہے ذاتی پسند ناپسند کا شکار ہوں، فواد عالم


پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کے باوجود قومی ٹیم میں دوبارہ منتخب نہ ہونے اور مسلسل نظر انداز ہونے پر کہا ہے کہ شاید وہ ذاتی پسند ناپسند کا شکار ہیں۔

فواد کا کہنا ہے کہ یوں لگتا ہے کہ یہ پسند ناپسند ہے اور ایسا نظر بھی آرہا، اس میں زیادہ کچھ کہنے کی ضرورت نہیں۔

کراچی میں سندھ اور ناردرن کے درمیان قائدِاعظم ٹرافی کے میچ میں سنچری اسکور کرنے والے فواد عالم نے میچ کے اختتام پر پریس کانفرنس میں کہا کہ انہیں بھی اس سوال کے جواب کی تلاش ہے کہ وہ ٹیم میں کیوں منتخب نہیں ہورہے اور ان میں کیا کمی ہے؟

162 فرسٹ کلاس میچز میں 56 کی اوسط سے 11830 رنز اسکور کرنے والے فواد عالم نے کہا کہ ہر سال دو سال بعد ایک نیا جواز پیش کردیا جاتا ہے اور وہ اس پر کام کرنا شروع کردیتے ہیں۔

فواد عالم نے حالیہ سیزن میں 9 اننگز میں 2 سنچریاں اور ایک نصف سنچری اسکور کی، فرسٹ کلاس کیرئیر میں ان کی مجموعی سنچریوں کی تعداد 32 ہوچکی ہے۔

34 سالہ بیٹسمین کا کہنا تھا کہ جب کوئی کھلاڑی ٹیم سے ڈراپ ہوتا ہے تو اس کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارمنس دے کر اپنا کم بیک کرے اور ان کی بھی یہی کوشش ہے۔

فواد کے مطابق ہونا بھی یہی چاہیے کہ جو کھلاڑی پرفارم کرے اسے اوپر آنے کا موقع دیا جائے۔

فواد کا کہنا تھا کہ فیورٹ ازم ہر جگہ ہوتا ہے، گھرو ں میں بھی ہوتا ہے اور یہ سب اب لائف کا حصہ بن چکا ہے۔

تازہ ترین