• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ حکومت کے سینئر افسر کیخلاف ایک اور کرپشن کیس کی سفارش

کراچی (امداد سومرو) سندھ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سندھ حکومت کے ایک سینئر افسر کے خلاف ایک اور کرپشن کیس دائر کرنے کی سفارش کردی۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے تحقیقاتی افسر انسپکٹر زاہد میرانی نے سندھ حکومت کے دو مختلف محکموں میں دو نوکریاں کرنے پر پولیس اسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طیب عمرانی کے خلاف تازہ کیس دائر کرنے کی سفارش کی ہے۔ ڈاکٹر عمرانی کرپشن کیس میں سینٹرل جیل کراچی میں قید ہیں جنہیںفوتی کوٹہ کے نئے تقرر کئے جانے والے پولیس کانسٹیبلز سے میڈیکل فٹنس سرٹیفکیٹس کیلئے رشوت لینے کے الزام میں 5 نومبر کو گرفتار کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر عمرانی کے خلاف سندھ کے محکمہ صحت میں گریڈ 19 اور سندھ لیبر ڈپارٹمنٹ کے ماتحت ادارے سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹیٹیوشن (سیسی) میں گریڈ 18 میں خدمات انجام دینے پر سیکریٹری سندھ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی شکایت پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا تھا۔ اس معاملے کا انکشاف اس وقت ہوا جب محکمہ آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے سیسی کا سالانہ آڈٹ کیا اور اس معاملے کی رپورٹ سندھ حکومت کے اعلیٰ حکام کو دی جن میں سیکریٹری سندھ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ شامل تھے۔

تازہ ترین