• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ:محکمہ تعلیم کوماں کی جگہ بیٹے کو نوکری دینے کا حکم

ملتان (سٹاف رپورٹر)لاہورہائیکورٹ ملتان بنچ نے محکمہ تعلیم میں والدہ کی جگہ بیٹے کو نوکری پر نہ رکھنے کیخلاف درخواست پر حکام کو2 ماہ کے اندر سروس ایکٹ کی دفعہ 17 اے کے تحت نوکری فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی ہے، فاضل عدالت میں محمد احمد نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کی والدہ ٹیچر تھیں جنہوں نے طبی بنیادوں پر ریٹائرمنٹ لی اور ان کی جگہ ملازمت کے لئے سول سروس ایکٹ کی دفعہ 17 اے کے تحت درخواست دی مگر چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن راجن پور نے اسے ایڈجیسٹ نہیں کیا ،،ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر مظفرگڑھ کو حکم دیا ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول سناواں کے استاد محمد ابراہیم کا معاملہ 30 روز کے اندر حل کریں،پٹیشنر محمد ابراہیم نے موقف اختیار کیا تھا کہ اسے مئی 2019 میں ترقی دے کر 17ویں سکیل سے18ویں سکیل میں پرموشن دے دی گئی مگر 6 گزرنے کے باوجود اسے سابق تنخواہ دی جارہی ہے ،دریں اثنا ہائیکورٹ نے دربار حضرت پیر جہانیاں کے عرس پر میلے کو روکنے کیخلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او مظفرگڑھ کو مشاورت کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 18 نومبر تک ملتوی کر دی ہے، دریں اثنا ہائیکورٹ نے 9 سالہ کمسن بچہ بازیاب نہ ہونے کے خلاف درخواست پر پولیس تھانہ جتوئی سے 12 دسمبر کو جواب طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت میں صفیہ بی بی نے موقف اختیار کیا تھا کہ 9 سالہ بیٹے رؤف کو 2017 میں ملزمان قاری عبد المجید، حفیظ اللہ اور عاطف نے اغواء کیا تھا جب ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرایا تو پولیس نے نہر سے ملنے والی نا معلوم لاش کو پٹشنر کا بچہ ظاہر کرکے اسکے حوالے کر دیا تھا جبکہ بچہ آج بھی ملزمان کے پاس ہے جسے برآمد کیا جائے۔دریں اثناسیشن عدالت نے منشیات کے مقدمےمیں بطور گواہ عدالت میں پیش نہ ہونے پر تھانہ اینٹی نارکوٹکس فورس انسپکٹر زبیر احمد ، اے ایس آئی محمد ابوبکر کانسٹیبلوں اسلم،شاہد اور ماجد جلیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے ایس ایچ او تھانہ مخدوم رشید کو حبس بے جا کی درخواست میں2کمسن بچوں کو بازیاب کراکے 18 نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم ہے، فرزانہ بی بی نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شوہر محمد اصغر نے ناچاقی پر بچوں رؤف اور مدثر کو چھین کر محبوس بنالیا ،فاضل عدالت نے تشدد کیس کے ملزم سلیم کی عبوری ضمانت خارج کرنے کا حکم دیا ہے، سیشن کورٹ نے منشیات کے ملزم عمر شاہ کو جرم ثابت ہونے پر ایک سال 8 ماہ قید کی سزا سنائی ہے، جسٹس آف پیس نے پسند کی شادی کرنے والی خاتون کو ہراساں و پریشان کرنے سے متعلق درخواست پر تھانہ سیتل ماڑی کو اپنی آئینی حدود میں رہنے کا حکم دیا ہے، عدالت میں سونیا بی بی نے درخواست دائر کی تھی، انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک نے ہینڈ گرنیڈ، نفرت آمیز پمفلٹ اور کالعدم تنظیم کی چندہ رسید بک برآمد ہونے کے مقدمہ میں ملوث 3 ملزمان عبدالباسط، ناصر جاوید اور غلام حسین کے زیر دفعہ 342 بیان ریکارڈ کرتے ہوئے ہوئے مزید بحث کے لئے سماعت 25 نومبر تک ملتوی کردی ہے، ماڈل کورٹ نے منشیات کے 2 ملزمان حسین اور طارق کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
تازہ ترین