• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیورز پر 2 ملین پونڈ سے زائد سالانہ جرمانے

لندن ( پی اے ) ہر سال موبائل فون استعمال کرتے ہوئے پکڑے جانے والے ڈرائیورز پر 2 ملین پونڈ سے زائد جرمانے عائد کئےجاتے ہیں۔ یہ انکشاف ایک نئی ریسرچ میں ہوا۔ منسٹری آف جسٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ انشورر ڈائریکٹ لائن نے کیا، جس میں سامنے آیا کہ موبائل آفنسز میں سالانہ 13000سے زائد ڈرائیورز کو سزا دی جاتی ہے۔ 2202 یوکے ایڈلٹس کے پول میں یہ نشان دہی ہوئی کہ ڈرائیونگ کےدوران موبائل فون استعمال کرنے کی عادت بڑے پیمانے پر پھیلی ہوئی ہے۔ ان میں سے 29 فیصد نے اعتراف کیاکہ گزشتہ 12 ماہ کےدوران گاڑی چلاتے ہوئے انہوں نے موبائل فون استعمال کیا۔ 2018 میں برطانوی سڑکوں پر 683 حادثات ہوئے، جن میں 29 افراد ہلاک اور 118 شدید زخمی ہوئے، ان حادثات میں ڈرائیورز کے موبائل فون استعمال کرنے کا کردار تھا۔ مارچ 2017 کے بعد ہینڈ ہلڈ فون استعمال کرتے ہوئے پکڑے جانے والے موٹرسٹس کے ڈرائیونگ لائسنس پر 6 پوائنٹس اور 200 پونڈ جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، جو پچھلے جرمانے تین پوائنٹس اور 100 پونڈ سے دگنا ہے۔ ڈائریکٹ لائن کےموٹر انشورنس کے ہیڈ سٹیو باریٹ نے کہا کہ موبائل فون استعمال کرتے ہوئے ڈرائیونگ سماجی اعتبار سے اتنی ہی ناقابل قبول ہونی چاہئے، جتنی کہ ڈرنک ڈرائیونگ، کیونکہ دونوں ہی خطرناک اور غیر قانونی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ موبائل فون کے استعمال کی وجہ سے نظریں ایک سیکنڈ میں ہٹ جاتی ہیں اور توجہ ہٹنے کی وجہ سے کوئی زندگی تبدیل کرنے والا حادثہ رونما ہو سکتا ہے یا ڈرائیور کو خود پراسیکیوشن اور کرمنل ریکارڈ کا سامناکرنا پڑتا ہے۔ اب پولیس کو نئی ٹیکنالوجی دستیاب ہے، جس میں سنسرز کے استعمال کے ذریعے یہ پتہ لگایا جا سکتا ہے کہ کوئی ڈرائیور اپنا فون استعمال کر رہا ہے اور اس طرح لوگوں کو ان جرائم پر پہلے سے کہیں زیادہ قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔
تازہ ترین