• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے،مرتضیٰ وہاب

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلی سندھ کے مشیر قانون٫ ماحولیات و ساحلی ترقی اور ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ یہ کہنا سراسر غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈہ ہے کہ اسپتالوں میں کتے کے کاٹے کی ویکسین موجود نہیں ہے یہ تاثر دینا بالکل منفی ہے کہ تمام اسپتالوں میں ویکسین نہیں ہے البتہ اس کی کمی ضرور ہے اس کے لیے ہم نے وفاقی حکومت کو خطوط لکھے ہیں مگر ہمارے رقوم کی ادائیگی کرنے کے باوجود بھی ابھی تک کوئی ویکسین فراہم نہیں کی گئیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےسندھ اسمبلی بلڈنگ میںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ بھی موجودتھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور ایک وفاقی وزیر سندھ حکومت کے خلاف ہرزہ سرائی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ سندھ حکومت کو بدنام کرنے کے لیے سرگرداں ہیں مگر انہیں منہ کی کھانی پڑی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تمام دستاویزی ثبوت میڈیا کو فراہم کیئے ہیں کہ کتے کے کاٹے کی ویکسین کو منگانے کیلئے لاڑکانہ کے کمشنر نے متعدد خطوط وفاقی حکومت کو ارسال کیے اور مطلوبہ رقم بھی دی مگر سندھ حکومت کو ویکسین نہیں دی گئی جبکہ بیرون ممالک سے ویکسین درآمد کرنے کے معاملات وفاقی حکومت کے زیر انتظام ہیں۔

تازہ ترین