• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرے روز بھی دھرنے، صوبوں کے داخلی راستوں سمیت کئی سڑکیں بلاک، عمران خان کے استعفے کے بغیر واپس نہیں جائیں گے، فضل الرحمٰن

کراچی، لاہور،اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ خبرایجنسی) جمعیت علماء اسلام (ف) کے آزادی مارچ کا پلان ’’بی‘‘کےتحت دوسرے روز بھی دھرنے، صوبوں کے داخلی راستوں سمیت کئی سڑکیں بلاک رہیں۔

ادھر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عمران کے استعفے کے بغیر واپس نہیں جائینگے ، ہم پاکستان کو عراق افغانستان اور لیبیا بننے نہیں دیں گے پلان اے کے بعد پلان بی بڑی کامیابی سے جاری ہے، بہت جلد شہروں کے اندر بھی احتجاج شروع کریں گے، کارکن بھی مشکلات سے دو چار اور عوام کو بھی مشکلات درپیش ہیں، عوام کی طاقت سے عمران خان کی ناجائز حکومت کو چلتا کریں گے، سارے پاکستان میں کارکنوں کو ہدایت کرتا ہوں کہ رات کو راستے کھول دیں اور دھرنا دن سے لے کر شام تک جاری رکھیں، ادھر جمعیت علمائے اسلام کے حب ریور روڈ لکی چورنگی پر احتجاجی دھرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ 

تفصیلات کےمطابق کراچی اور بلوچستان کے درمیان داخلی و خارجی راستہ حب ریوور روڈ پر دوسرے روز بھی احتجاجی دھرنہ دیا گیا اس سے قبل کارکنان نے نماز جمعہ کے لئے حب ریوور روڈ پر جمع ہوئے اور جمعیت علماء اسلام (ف) صوبے سندھ کے سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو کی قیادت میں نماز جمعہ ادا کیا۔

بعد ازاں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی جانب سے دھرنے کے شرکاء سے رات میں سڑکیں بند نہ کریں کی اپیل پر کارکنان نے حب ریوور روڈ پر رات 9 بجے دھرنا ختم کردیا۔

تازہ ترین