• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی کے معروف اداکار شفیع محمد کو مداحوں سے بچھڑے12 برس بیت گئے

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کے ممتاز اداکار شفیع محمد شاہ کو ہم سے بچھڑے 12برس بیت گئے۔ شفیع محمد شاہ کا شمار ٹیلی وژن کے ان ورسٹائل فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنے انداز، اپنی آواز اور اپنی اداکاری کے وہ ان مٹ نقوش چھوڑے ہیں جس نے ان کو امر کردیا۔سندھ کے ایک چھوٹے سے شہر کنڈیارو میں 1949 میں پیدا ہونے والے شفیع محمد نے اپنی پوری زندگی سخت محنت کو اپنے فن کا تاج بنا کر رکھا۔ انھوں نے سندھ یونیورسٹی سے بین الاقوامی تعلقات میں ایم اے اور حیدر آباد سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ فنی دنیا میں آمد بحیثیت صدا کار ہوئی اور طویل عرصے تک ریڈیو پاکستان حیدر آباد سے منسلک رہے۔انھوں نے 70 کی دہائی میں ٹیلی ویژن پر ”اڑتا آسمان“ نامی ڈرامے میں ایک چھوٹا کردار ادا کرکے اپنے کریئر کا آغاز کیا۔ ڈرامہ سیریل ”تیسرا کنارہ“ ان کی شہرت کی وجہ بنا ۔اپنے 30 سالہ کریئر میں شفیع محمد نے 50 سے زائد ڈرامہ سیریلز میں کام کیا جب کہ 100 سے زائد ایک قسط کے اردو و سندھی ڈراموں میں بھی وہ نظر آئے۔ انھوں نے 8 فلموں میں بھی کام کیا۔ شفیع محمد کو جملوں کی ادائیگی میں کمال حاصل تھا، اپنی منفرد اور پر رعب آواز کے ذریعے ان کی شہرت جلد دور دور تک پھیل گئی۔ ان کی فنی خدمات کے اعتراف میں انھیں 1985 میں سرکاری ٹیلی ویژن نے بہترین اداکار کے ایوارڈ جب کہ حکومت پاکستان نے تمغہ حسن کارکردگی کے اعزاز سے نوازا۔2006 کے وسط میں شفیع محمد شاہ بیمار ہوئے اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے بھاری بھر کم شخصیت والا یہ شخص اچانک کمزور نظر آنے لگا۔17 نومبر 2007 کو اداکاری کو نئی جہت دینے والا یہ روشن باب ہمیشہ کے لیے بند ہوگیا۔
تازہ ترین