• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان افغانستان میں مفاہمت ٹیکنیکل کمیٹی کے قیام پر اتفاق

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان اور افغانستان کے مابین باہمی تعلقات کو خوش اسلوبی سے طے کرنے کے بارے میں مفاہمت ہوگئی ہے اور دونوں ممالک کے پیش کردہ معاملات کا جائزہ لینے کےلئے ٹیکنیکل کمیٹی کے قیام پر اتفاق ہوگیا ہے ،افغانستان پاکستان ایکشن پلان فار پیس اینڈ سالڈیرٹی کا اجلاس آئندہ ماہ دسمبر میں کابل میں منعقد کرنے پر بھی اتفاق ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی دفاعی ایجنسی آئی ایس آئی کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل جنرل فیض حمید اور سیکرٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستان اور افغانستان کے مابین کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے کابل کا دورہ کیا جہاں پاکستانی وفدنے افغان انٹیلی جنس کے سربراہ اور افغان نیشنل سیکورٹی کے ایڈوائزر کیساتھ ملاقات میں کابل میں پاکستان کے سفارت کاروں کو ہراساں کرنے، اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر پیر عاطف مشعل کی آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز میں طلبی۔

پشاور مارکیٹ کے تنازع، پاک افغان سرحد پر پاک فوج کی چیک پوسٹ کی تعمیر میں افغان فورسز کی رکاوٹ اور چترال کے علاقہ میں پاکستان کی سویلین آبادی پر افغان فورسز کی بلاجواز فائرنگ کے معاملات پر پر تفصیل کے ساتھ بات چیت کی گئی اور دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے ان مسائل کے بارے میں اپنا حکومتی مؤقف تفصیل کے ساتھ پیش کرتے ہوئے باہمی تعلقات میں کشیدگی کا سبب بننے والی وجوہات کی تحقیقات کے لئے ٹیکنیکل کمیٹی کے قیام پر اتفاق کیا۔

افغان نیشنل سکیورٹی کے ایڈوائزر حمداللہ محب کے ترجمان کبیر جمال کے مطابق دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح نمائندوں نے باہمی تعلقات میں کشیدگی کا باعث بننے والے تمام معاملات پر پر تفصیل کے ساتھ بات چیت کی۔ افغان حکام نے پشاور میں افغان بینک کے تنازع پراپنا قونصلیٹ بند کر دیا تھا۔

تازہ ترین