ابوظہبی( عبد الماجد بھٹی ،نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ بورڈ نے فرسٹ کلاس سسٹم سے ڈپارٹمنٹل ٹیموں کا کردار عملی طور پر ختم کرکے سیکڑوں کرکٹرز کی ملازمتوں کو داو پر لگادیا ہے۔اب بڑھتے ہوئے دبائو کے بعدپی سی بی نےڈپارٹمنٹ کو قومی سیزن میں جزوی کردار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔آئندہ سیزن سے ڈپارٹمنٹ ٹیموں کے لئے ایک ون ڈے اور ایک ٹوئینٹی ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز ہے جبکہ ڈپارٹمنٹ سے پی سی بی نے کہا ہے کہ وہ فرسٹ کلاس ٹیموں کو اسپانسر شپ کرنے میں کردار ادا کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اب کوئی ڈپارٹمنٹ فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا اہل نہیں ہوگا نہ ہی پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں ڈپارٹمنٹ کا کوئی نمائندہ شامل ہوگا۔چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس جمعےکو لاہور میں طلب کر لیا ہے۔آسٹریلیا میں موجود چیف ایگزیکٹو وسیم خان اجلاس میں ویڈیو لنک ا سکائپ کے ذریعےشریک ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ڈپارٹمنٹل کرکٹ کے ٹورنامنٹس پربات چیت ہوگی ۔ احسان مانی بتائیں گے کہ ان کی ڈپارٹمنٹ کے سربراہوں سے کیا بات چیت ہوئی ہے۔گورننگ بورڈ کے اجلاس میں پی سی بی کے دو بڑوں کے درمیان اختلافات کا معاملہ زیر بحث آنے کا امکان ہے ۔بی او جی اجلاس میں پی ایس ایل فائیو کے پاکستان میں انعقاد پر بات چیت ہوگی ۔اجلاس میں بورڈ کے انتظامی اور مالی معاملات زیر غور آئیں گے۔