• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم عمر لڑکیوں سے جنسی تعلقات کے الزامات بے بنیاد ہیں، اینڈریو

لندن (پی اے) ملکہ برطانیہ ایلزبتھ دوئم کے چھوٹے بیٹے66 سالہ شہزادہ اینڈریو ڈیوک آف یارک نے خود پر لگے کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا ہے۔ شہزادہ اینڈریو کا نام رواں برس10 اگست کو جیفری ایپسٹیئن سیکس ا سکینڈل میں سامنے آیا تھا۔ یہ سکینڈل اس وقت عالمی توجہ کا مرکز بنا جب اس مقدمے کے مرکزی ملزم ارب پتی امریکی شخص69 سالہ جیفری ایپسٹیئن نے نیویارک کی جیل میں خودکشی کرلی تھی۔ جیفری ایپسٹیئن کو جنسی جرائم کے تحت رواں برس جولائی میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہوں نے اپنے خلاف2 ہزار صفحات پر مشتمل ثبوتوں کو عدالت میں پیش کئے جانے کے بعد اگست میں جیل کے اندر خودکشی کرلی تھی۔ جیفری ایپسٹیئن پر الزام تھا کہ انہوں نے کئی سال تک کم عمر لڑکیوں سمیت درجنوں خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے سمیت انہیں نہ صرف جنسی غلام بنائے رکھا بلکہ انہیں اپنے دوستوں اور مہمانوں کی جنسی خواہشات کی تکمیل کے لئے بھی استعمال کیا۔ جیفری ایپسٹیئن کے خلاف سب سے پہلے برطانیہ کی خاتون ورجینیا رابرٹ گفی سامنے آئی تھیں، جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ جیفری ایپسٹیئن نے انہیں14 سال کی عمر میں جنسی غلام بنایا اور کئی سال تک انہیں جنسی مقاصد کے لئے غلام بنائے رکھا اور کئی سال تک انہیں جنسی مقاصد کے لئے استعمال کرتے رہے۔ ان پر یہ الزامات بھی ہیں کہ انہوں نے جن کم عمر لڑکیوں کو کئی سال تک جنسی غلام بنائے رکھا، بعد ازاں انہوں نے ان لڑکیوں کو عمر رسیدہ ہونے پر نئی لڑکیوں کو ان کی جنسی خواہشات کو پورا کرنے کے لئے بھرتی کرنے کے لئے مجبور کیا۔ ورجینیا رابرٹ گفی کے مطابق انہیں ارب پتی شخص کے لئے ان کی محبوبہ گیسلین میکسویل نے بھرتی کیا تھا۔ اسی برطانوی خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں برطانوی شہزادے اینڈریو کو جنسی لذت پہنچانے کا حکم بھی دیا گیا۔ خاتون نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ جیفری ایپسٹیئن نے انہیں2001 سے 2002تک 3 مختلف مواقع پر برطانوی شہزادے کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے لئے دباؤ ڈالا۔ مذکورہ خاتون اور شہزادہ اینڈریو کی ایک ساتھ کھینچی گئی، تصاویر اور دونوں کی ایک گھر میں موجودگی کی ویڈیوز بھی سامنے آئیں اور خاتون نے دعویٰ کیا کہ یہ ویڈیوز اور تصاویر اس وقت کھینچی گئیں، جب برطانوی شہزادے نے ان کے ساتھ ’سیکس‘ کیا۔ یہ سکینڈل سامنے آنے کے بعد امریکہ سمیت برطانیہ بھر میں تہلکہ مچ گیا تھا اور سکینڈل سامنے آنے کے بعد ہی اگرچہ شہزادہ اینڈریو نے مختصر بیان میں ان الزامات کو جھوٹا قرار دیا تھا۔ تاہم ان پر سکینڈل کے حوالے سے دباؤ تھا اور انہیں کئی ماہ سے کسی بھی عوامی محفل میں نہیں دیکھا گیا اور شاہی محل پر سکینڈل کے حوالے سے وضاحت کرنے کے لئے دباؤ بڑھتا گیا۔ بڑھتے دباؤ کے بعد اب پہلی بار شہزادہ اینڈریو نے ایک انٹرویو میں اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انھیں غیر حقیقی اور جھوٹا قرار دیا۔ بی بی سی کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو میں شہزادہ اینڈریو نے کہا کہ ان پر کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے الزامات بے بنیاد ہیں اور انہوں نے ورجینیا رابرٹ گفی کے ساتھ بھی کبھی اس طرح کا کام نہیں کیا۔ برطانوی شہزادے نے اپنے خلاف لگائے گئے تمام جنسی الزامات کو مسترد کیا۔ برطانوی شہزادے نے واضح طور پر کسی بھی کم عمر لڑکی یا خاتون کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے الزامات کو مسترد کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ان کے حوالے سے لوگوں کے خیالات غلط ہیں۔ برطانوی شہزادے کا کہنا تھا کہ جس وقت کا خاتون ذکر کر رہی ہیں، اس وقت انہیں بیماری تھیں اور ڈاکٹروں نے انھیں ایسا عمل کرنے سے منع کر رکھا تھا، تاہم انھوں اعتراف کیا کہ الزام لگانے والی خاتون سے ان کی دوسرے لوگوں کے سامنے ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ برطانوی شہزادے کا کہنا تھا کہ وہ الزام لگانے والی خاتون کے ساتھ سامنے آنے والی ایک پرانی تصویر کے حوالے سے کچھ نہیں کہنا چاہتے، انہیں یاد نہیں پڑتا کہ انہوں نے ایسی کوئی تصویر کچھوائی ہو، البتہ تفتیشی ادارے بھی یہ ثابت کرنے میں ناکام ہوئے ہیں کہ یہ تصویر جعلی ہے۔ شہزادہ اینڈریو نے تاثر دیا کہ کوئی نہ کوئی طریقہ استعمال کر کے اس تصویر کو اصلی تصویر کی طرح بنایا گیا ہے۔ برطانوی شہزادے نے امریکی ارب پتی شخص جیفری ایپسٹیئن کے ساتھ تعلقات کا بھی اعتراف کیا، تاہم اس بات سے انکار کیا کہ انہوں نے انہیں جنسی لذت کے لئے لڑکیاں فراہم کیں۔ شہزادہ اینڈریو کے مطابق جس وقت ان کی اور جیفری ایپسٹیئن کی دوستی تھی، اس وقت وہ اس طرح کے کام نہیں کرتے تھے اور انہیں بھی ان کے ایسے کرتوتوں کا علم نہیں تھا۔ برطانوی شہزادے نے واضح طور پر کسی بھی کم عمر لڑکی یا خاتون کے ساتھ جنسی تعلقات استوار کرنے کے الزامات کو مسترد کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ان کے حوالے سے لوگوں کے خیالات غلط ہیں، وہ کبھی بھی پارٹیاں نہیں کرتے، وہ سیدھی سادی زندگی گزارنے پر یقین رکھتے ہیں۔
تازہ ترین