• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی بولرز کی دھاک، اسمتھ پر انحصار کافی نہیں، تمام بیٹسمین ذمہ داری اٹھائیں، ٹم پین

برسبین (جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم دو پریکٹس میچز کے بعد اب ٹیسٹ میچ پر نظر جمائے ہوئے ہے۔ بیٹسمین اسد شفیق، بابراعظم، شان مسعود بھرپور بیٹنگ پریکٹس کرچکے جبکہ نسیم شاہ، موسیٰ خان ،محمد عباس، عمران خان، شاہین آفریدی نے بولنگ میں ہاتھ دکھائے۔ نسیم شاہ اور موسیٰ خان جیسے نوجوانوں نے آسٹریلین میڈیا میں دھاک بٹھادی ہے۔ برسبین ٹیسٹ سے قبل کینگروز کپتان ٹیم پین اور سابق قائد اسٹیو اسمتھ نے انہیں بغور دیکھا ہوگا۔ کپتان ٹم پین نے بیٹسمینوں کو وارننگ جاری کردی ہے کہ اپنی کارکردگی میں بہتری لائیں۔ انہوں نے یاد دلایا ہے کہ اسٹیو اسمتھ نے ایشز سیریز میں تن تنہا بیٹنگ کا بوجھ اٹھائے رکھا، اب دیگر کو بھی اپنا حصہ ڈالنا ہوگا۔ ہم صرف اسمتھ پر ہی انحصار نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب اسٹیو اسمتھ کہتے ہیں کہ میں نے اب تک محمد عباس کا سامنا نہیں کیا ہے، میں جانتا ہوں کہ وہ اچھی لائن و لینتھ پر بولنگ کرتے ہیں، جبکہ نسیم سے متعلق بھی بہت کچھ سن لیا ہے، امید ہے کہ میں ان بولرز سے اچھی طرح نمٹ سکوں گا۔ نسیم کی رفتار بہت اچھی ہے، لیکن ان کے پاس زیادہ تجربہ نہیں، دیکھنا ہوگا کہ وہ مستقل مزاجی کے ساتھ اچھے اسپیل کرسکتے ہیں یا نہیں۔ خیال رہے کہ پہلا ٹیسٹ جمعرات سے برسبین میں کھیلا جائے گا۔ گابا کی پچ ہمیشہ سے بہت تیز اور باؤنسی رہی ہے۔ خشک موسم سے پچ پر ہوسکتا ہے، آخری دو دن اسپنرز کو کوئی مدد مل سکے ورنہ اسپنرز کا کردار سائیڈ ایکٹرز کا ہی ہوگا۔ گابا کی پچ کی ایک خاص بات بال کا صحیح بیٹ پر آنا ہے جس سے بابر اعظم اور اسد شفیق فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سابق آسٹریلین ٹیسٹ کرکٹر ڈین جونز پاکستان ٹیم کو کمزور قرار دے چکے ہیں۔ ان کے خیال میں اس ٹیم کو کم از کم تین اور ٹور میچز کھیلنے چاہیے تھے تاکہ آسٹریلوی ماحول سے آشنا ہو جائیں ۔آسٹریلیا اپنی ٹیم میں شاید زیادہ تبدیلیاں نہ کرے۔ وارنر اور اسمتھ بہت اچھی فارم میں ہیں اور وہی ان کے ٹرمپ کارڈ ہوں گے۔ مارش کے نہ ہونے پر بینکروفٹ کو جگہ ملنے کی امید ہے جب کہ مڈل آرڈر میں ویڈ اور لبؤشانے بھی ہوں گے۔ ہیرس کو ڈراپ کردیا گیا ہے، اس کا مطلب جو برنس شاید اوپننگ کریں۔ بولنگ میں اسٹارک اور ہیزل ووڈ کا کامیاب جوڑا پاکستان پر بجلیاں ڈھانے کے لیے بیتاب ہے جبکہ ناتھن لیون بحیثیت اسپنر کھیلیں گے۔ کمنز بھی ضرور کھیلیں گے۔ آسٹریلیا کی ٹیم نہ صرف متوازن ہے بلکہ جارحانہ موڈ میں ہے۔ اگر ٹیسٹ پانچویں دن تک پہنچ جائے تو پاکستان کی بڑی کامیابی ہوگی۔بعض کھلاڑیوں کی کارکردگی میں عدم تسلسل کی وجہ سے پاکستان کو درست کمبی نیشن بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔کینگروز بولنگ اٹیک کی قیادت عالمی نمبر ایک پیسر پیٹ کمنز کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ نمبر ون بننے سے میرا نہیں خیال کہ کوئی فرق پڑتا ہے۔ میں اب بھی ویسے ہی بولنگ کرتا ہوں جیسی پہلے کرتا تھا۔ مجھے اپنی ایکوریسی پر خوشی اور فخر ہے۔

تازہ ترین