• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پی او کی پتنگ بازی کیخلاف ’’جارحانہ آپریشن‘‘ شروع کرنیکی ہدایت

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے سینکڑوں پتنگیں برآمد کر کے 3ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔سٹی پولیس آفیسر کے حکم پر راولپنڈی پولیس کے تینوں ڈویژنز میں پتنگ بازوں اور پتنگ فروشوں کیخلاف آپریشن شروع کر دیا گیا۔ ایس پی پوٹھوہار سید علی نے بتایا کہ تھانہ آر اے بازار پولیس نے مغل آباد کے ایک گودام پر چھاپہ مار کر سینکڑوں پتنگیں بر آمد کر کے 2ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ صدر واہ پولیس نے ایک گودام پر چھاپہ مار کر ذخیرہ کی گئی پتنگیں برآمد کر کے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ سی پی او ڈی آئی جی فیصل رانا نے پتنگوں اور دھاتی ڈوروں کی سپلائی روکنے کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت ’’جارحانہ آپریشن‘‘ شروع کرنے اور راولپنڈی کے تمام داخلی راستوں پر سنیپ چیکنگ کا حکم دیا ہے۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشن طارق ولایت، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد فیصل، ایس پی پوٹھوہار سید علی، ایس پی صدر رائے مظہر اقبال اور ایس پی راول آصف مسعود نے شرکت کی۔ سی پی او نے کہا کہ کسی علاقہ میں قانون شکنی ہوئی یا پتنگ بازی سے کوئی جان گئی تو ایس ڈی پی اوز‘ ایس ایچ اوز اور بیٹ آفیسر جوابدہ ہوگا کیونکہ پتنگ بازی اور اسکی فروخت گھنائونا جرم ہے۔
تازہ ترین