• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت کو 7 ارب کا بانڈ وصول کرتے کرتے 50 روپے کے اسٹامپ پیپر پر اکتفا کرنا پڑا، ن لیگ

لاہور، ناروال (نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ ڈیسک، این این آئی) سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔

حکومت نے انتہائی چھوٹے دل کا مظاہرہ کیا جبکہ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں عدالتی فیصلے سے ریلیف ملا ہے۔ شہباز شریف نے کہاکہ وہ چوہدری شجاعت ، چوہدری پرویز الٰہی، ایم کیو ایم، اے این پی ، چیئرمین سینیٹ اور عوام کے شکرگزار ہیں جنہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا۔

دوسری جانب احسن اقبال کا کہنا ہے نواز شریف کو علاج کیلئے بیرون ملک جانے کی اجازت عمران خان کے بغض اور عناد کی شکست ہے، حکومت کو 7 ارب کا بانڈ وصول کرتے کرتے 50 روپے کے اسٹام پیپر پر اکتفا کرنا پڑا۔ جبکہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزراء نواز شریف سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی من مانی تشریح کرکے توہین عدالت کر رہے ہیں ، حکومت اپنی حد میں رہے عدالت نہ بنے۔

نواز شریف کل بیرون ملک روانہ ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے گزشتہ روز جاتی امرا میں اپنے بھائی نوازشریف کی عیادت کی ۔ شہباز شريف نے نواز شریف اور اہلخانہ سے ملاقات میں انھیں بیرون ملک روانگی سے متعلق لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

اس دوران انہوں نے اپنے ایک بیان میں چوہدری برادران سمیت ان تمام لوگوں کا شکریہ اداکیا جنہوں نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے ان کی معاونت کی۔میڈیا کے مطابق شہبازشریف نے جاتی امرا میں نوازشریف کی عیادت کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مریم نواز بھی وہاں موجودتھیں جبکہ ڈاکٹر عدنان نے ان کی صحت سے متعلق بریف کیا۔شہبازشریف نے نواز شریف سے ان کی طبیعت کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں اب تک ہونے والے معاملات سے متعلق آگاہ بھی کیا۔ شہباز شریف نے نواز شریف سے کہا کہ تمام انتظامات مکمل ہیں آپ بس تیاری کریں۔ اپنے بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ حکومتی اتحادی جماعتوں نے دشمنی کی سیاست نہیں کی بلکہ انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر تعاون کیا۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے تاخیر کی لیکن اللہ تعالیٰ نے ریلیف دیا۔ جبکہ شہباز شريف نے نواز شریف اور اہلخانہ سے ملاقات میں انھیں بیرون ملک روانگی سے متعلق لائحہ عمل سے آگاہ کیا۔

ادھر ناروال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان آج عمران نیازی کی لگائی ہوئی نفرت کی آگ میں جل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کردار کشی کی گئی جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ یہ حکومت نااہلی کی اعلیٰ مثال بن چکی ہے۔ اب تو حکومتی اتحادیوں نے بھی کہہ دیا کہ عمران خان کی حکومت 6 ماہ اور رہ گئی تو کوئی حکومت سنبھال نہیں سکتا، اس لیے میں مطالبہ کرتا ہوں کہ عمران خان اپنی ناکامی تسلیم کریں اور فوری طور پر نئے انتخابات کا اعلان کریں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اٹارنی جنرل انور منصور اور مشیر احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس اور وزیراعظم کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ میاں نواز شریف کی سزا تمام کیسز میں معطل ہے ۔اعلیٰ عدلیہ نے سزا معطلی کے فیصلہ میں تحریر کیا ہے کہ بادی النظر میں نواز شریف کو دی گئی سزا غلط ہے۔حکومت اپنی حد میں رہے عدالت نہ بنے،وزرا عدالتی فیصلے کی غلط تشریح و تعبیر کرکے ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ جس شخص کی سزا اعلیٰ عدلیہ معطل کر چکی ہو،اس میں حکومت مداخلت کرکے کوئی شرط اوراس کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال سکتی ۔عدالت نے شرط نہیں لگائی تھی تو پھر حکومت نے عدالت بننے کی کوشش کیوں کی؟ حکومت نے عدالت کا اختیار استعمال کرنے کی ناکام کوشش کی ،اللہ تعالیٰ نے انکے ہاتھ میں کسی کیلئے خیر نہیں رکھی تو کم ازکم منہ ہی بند کر لیں تاکہ مزید رسوائی سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ وزیراعظم کی نالائقی اور نااہلی کا کیا علاج ہے؟

انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ عوام کی دعائوں کے سائے میں منگل کو نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے الوداع کہیں گے۔ انشااللہ نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف کیلئے ائیر ایمبولینس منگل کو پہنچے گی اوراسی روز وہ بیرون ملک علاج کے لیے روانہ ہوں گے۔

ڈاکٹرز نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا ہے، اسٹیرائڈ کی ہائی ڈوز ز دینے کا عمل جاری ہے تاکہ پلیٹ لیٹس کی مقدار سفر کے قابل ہو سکے جب کہ ہائی بلڈ شوگر، ہارٹ اور دیگر طبی خطرات کو کم سے کم سطح پر لانے کے لیے بھی ادویات دی جا رہی ہیں۔

ادھر سابق وزیراعظم کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنا ن نے کہاہے کہ طبی طورپر مستحکم ہوتے ہی نوازشریف لندن کے لئے روانہ ہوجائیں گے۔ میڈیکل ٹیم بھی ان کے ہمراہ ہو گی ،نواز شریف کا سفر انکی حالت بہتر ہونے سے مشروط ہے۔

تازہ ترین