• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا کے دھرنے جاری، پلان سی سے پہلے حکومت چلی جائیگی، جے یو آئی کا دعویٰ

کراچی، اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر،نمائندہ جنگ )جمعیت علمائے اسلام (ف )کے پلان بی کے تحت کراچی میں حب ریور روڈ سمیت ملک کے کئی شہروں میں دھرنے جاری ہیں، کراچی میں حب ریور روڈ ،اسلام آباد میں پشاور روڈ پر چوتھے روز بھی دھرنا دیا گیا، کوئٹہ، تفتان روڈ بھی دھرنے کے باعث بند ہے جس کے باعث مسافر وں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ادھر جے یو آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ پلان سی سے پہلے حکومت چلی جائیگی۔ تفصیلات کےمطابق کراچی میں حب ریور روڈ پر جمعیت علمائے اسلام (ف) چوتھے روز بھی دھرنا دیا، مولاناعمر صادق مولانا غیاث دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان اسلام، ملک اور آئین کے دشمن ہیں، اس نااہل حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے راستوں میں بیٹھے ہیں۔

پیر کو(آج) بھی صبح 8 بجے حب ریوور روڈ پر احتجاجی دھرنا دیا جائے گا اور وہاں پر مولانا راشد سومرو سندھ میں آزادی مارچ کے تحت سندھ میں احتجاجی دھرنوں سے متعلق آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

خیرپور میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی ف کے مرکزی رہنما راشد سومرو کا کہنا تھا کہ دھرنے کا پلان بی کامیابی سے جاری ہے، ہمارے پاس تو زیڈ تک پلان موجود ہیں لیکن پلان سی سے پہلے ہی حکومت چلی جائے گی۔

آزادی مارچ سے کشمیر کا ایشو پس پردہ نہیں ہوا بلکہ کرتار پور راہداری کے کھلنے سے مسئلہ کشمیر کھٹائی میں پڑا، حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کیا ، بابری مسجد کا فیصلہ بھی عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے آیا ہے جس دن بھارتی سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا اسی دن نیازی نے کرتار پور راہداری کا افتتاح کیا۔

تازہ ترین