• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ان ہاؤس تبدیلی صرف باتیں، ایسا کچھ نہیں ہونے جارہا، ہمایوں اختر

لاہور (اے پی پی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اتحادی جماعتیں ہمارے ساتھ ہیں اور ہم مل کر ملک کو مشکلات کی دلدل سے نکالنے کے لئے کوشاں ہیں، ان ہاؤس تبدیلی صرف باتیں ہیں اور ایسا کچھ نہیں ہونے جارہا ہے۔

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ سیاسی بقاء کے چیلنج سے نبرد آزما اپوزیشن نے تو دل ہی دل میں نئے انتخابات کے لئے موسم کا بھی انتخاب کرلیا ہے لیکن کھلی آنکھوں سے خواب دیکھنے پر کوئی پابندی نہیں، نواز شریف کی صحت پر حکومت نے نہیں بلکہ مسلم لیگ ن نے سیاست کی۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 

ہمایوں اختر خان نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی کو اس وقت مولانا فضل الرحمان کی سیاست نے مشکل میں ڈال رکھاہے کیونکہ انہوں نے دونوں جماعتوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔

پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ اپنے اراکین اسمبلی اور کارکنوں کو اپنے ساتھ رکھنے کے لئے نئے انتخابات کا شوشہ چھوڑ رہی ہیں درحقیقت انہیں بھی معلوم ہے کہ حکومت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ بہتر ہوتے معاشی حالات سے ان کی سیاست دفن ہو رہی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے اندر اس وقت قیادت کے لئے رسہ کشی جاری ہے۔

تازہ ترین