• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین کیخلاف مقدمہ درج

کراچی میں سندھ پیغام ریلی کے دوران ملک، اداروں، حکومت اور شخصیات کے خلاف نعرے بازی، بغاوت، دہشت گردی اور شازش مجرمانہ کی دفعات کے تحت جئے سندھ قومی محاذ کے چیئرمین اور دیگر عہدیداروں کے خلاف اسٹیل ٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی کی دفعہ سیون اے ٹی اے، 120 اے اور بی، 123 اے، 124 اے، 505، 34 ت پ کے تحت درج مقدمے میں پولیس افسر علی دوست بگٹی مدعی ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق جئے سندھ قومی محاذ (بشیر خان قریشی گروپ) کے چیئرمین صنان قریشی، صدر ضلع ملیر ضمیر حاجانو، وائس چیئرمین الہیٰ بخش اور دیگر نے گزشتہ روز کراچی میں پیغام سندھ ریلی کی کال دی تھی جس کے لیے سندھ بھر سے تنظیمی کارکن گلشن حدید پہنچے۔

چیئرمین کی سربراہی میں دو سے ڈھائی ہزار کارکن جئے سندھ قومی محاذ کے جھنڈے لہراتے ہوئے، کچھ نہ دید اسٹیل ٹاؤن سے کاروں، موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیوں پر سوار ہوکر نیشنل ہائی وے کے راستے کراچی پریس کلب کی جانب روانہ ہوئے۔

ایف آئی آر کے مطابق ریلی کے شرکاء ملک دشمنی کرتے ہوئے حکومت پاکستان، اداروں اور شخصیات کے خلاف سنگین نعرے بازی کر رہے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق پارٹی چیئرمین اور دیگر عہدیدار اپنے بیان سے کارکنان کو فسادات، بغاوت اور دہشت گردی پھیلانے کے لیے اُکسا رہے تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق جئے سندھ قومی محاذ کی ان ملک دشمن سرگرمیوں، نعرے بازی اور تقاریر کی ویڈیوز بھی مقدمے کا حصہ بنائی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر اندراج کے بعد مزید تفتیش کے لیے اسٹیل ٹاون تھانے کے ایس ای او کے سپرد کردی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ایسٹ زون عامر فاروقی کے مطابق اس سلسلے میں اسٹیل ٹاؤن تھانے میں ایک ہی مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مقدمے کے سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

ایس ایس پی ساؤتھ شیراز نذیر کے مطابق ان افراد نے کراچی پریس کلب کے باہر کافی دیر تک احتجاج کیا۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں ان کے خلاف کوئی اور ایف آئی آر درج نہیں ہے۔

جئے سندھ قومی محاذ کے وائس چیئرمین الہی بخش نے ’جنگ‘ کو بتایا کہ ریلی کے شرکاء ہزاروں کی تعداد میں تھے ان میں کچھ شرپسند عناصر بھی شامل ہوگئے تھے جنہوں نے ملک دشمن نعرے بازی کی۔

الہی بخش کے مطابق انہوں نے خود اور پارٹی چیئرمین نے تقاریر کے دوران ایسے عناصر کی نشاندہی کی اور ان سے اظہار  لاتعلقی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پریس کلب پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے کچھ ملک دشمن عناصر بھی ان کے احتجاج میں شریک ہوگئے اور نعرے بازی میں حصہ لیا ۔

ایک سوال کے جواب میں الہی بخش نے بتایا کہ ان کے چیئرمین نے کئی ایسے عناصر کو زدوکوب کیا اور تھپڑ مارے جنہوں نے ملک دشمنی کے نعرے لگائے۔

تازہ ترین