• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جدید دور کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کیلئے سیرت مصطفیﷺ پر عمل کرنا ہوگا، علمائےکرام

ٹیلفورڈ (ابرار مغل) نبی کریمؐ آقائے دو جہاں کی ولادت بسعادت کے جشن کو مختلف شہروں کی طرح ٹیلفورڈ میں بھی انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ جشن عید میلادالنبیؐ کا سالانہ مرکزی جلوس پیرجہانزیب بادشاہ کی سرپرستی اور حاجی محمد اشفاق نقشبندی، حاجی شہزاد احمد، مجاہد اقبال اور دیگر کی قیادت میں مرکزی جامع مسجد غوثیہ سے نکالا گیا۔ سخت سردی اور بارش کے باوجود بچوں اور نوجوانوں سمیت فرزندان اسلام کی بہت بڑی تعداد شریک ہوئی۔ شرکائے میلاد جھنڈے اٹھائے نبی کریم آقا دو جہاں کی عظمت و شان کے نعرے بند کررہے تھے ٹیلفورڈ کی فضا بھی ذکر مصطفیؐ سے گونج اٹھی، جب جلوس اپنے مقررہ راستوں سے گزرا تو غیرمسلم کمیونٹی نے گہری دلچسپی لی۔ جبکہ بعض افراد نے جگہ جگہ استقبالی کیمپ لگا کر شرکاء جلوس کی نذرونیاز سے خاطر تواضع بھی کی۔ نقابت کے فرائض قاری نزاکت حسین نقشبندی نے ادا کئے۔ جامع مسجد غوثیہ ٹیلفورڈ کی انتظامی کمیٹی نے جملہ انتظامات بخوبی سرانجام دیئےجبکہ اس موقع پر پولیس اہلکار بھی موجود تھے۔ جلوس اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا واپس جامع مسجد غوثیہ ٹیلفورڈ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر میلاد کمیٹی کی جانب سے نبی کریم آقا دوجہاں کی ولادت کا کیک بھی کاٹا گیا۔ لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر جامع مسجد غوثیہ کی جانب سے سالانہ میلاد مصطفیؐ کانفرنس کا اہتمام کیا گیا پیر جہانزیب بادشاہ قاسمی سجادہ نشین موہڑہ شریف پاکستان کی صدارت میں ہونے والی اس کانفرنس میں بھی فرزندان اسلام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ صاحبزادہ قاری تنویر اقبال قادری سمیت مختلف ثناہ خوانوں نے نذرانہ عقیدت بحضور سرور کونین پیش کیا۔ علامہ نیازاحمد صدیقی، علامہ محمد اکرام حسین، علامہ امام عاصم خان قاری نزاکت حسین نقشبندی اور دیگر نے سیرت مصطفیؐ پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آج کے چیلنجز اور جدید تقاضوں سے نبردآزما ہونے کے لئے ہمیں سیرت مصطفیؐ پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عشق رسول دلوں میں بسا کر ہی مومن کامل بنا جاسکتا ہے۔ پیر جہانزیب بادشاہ قاسمی نے کہا کہ ٹیلفورڈ کے مسلمانوں کی عقیدت و محبت میں ہر سال اضافہ ہور ہاہے اور ہزاروں افراد موسم کی پرواہ کئے بغیر جلوس میں شرکت کرکے اپنے پیارے نبی سے محبت نبھا رہے ہیں۔ اس موقع پر جامع مسجد غوثیہ انتظامی کمیٹی کے عہدیداروں و اراکین محمد اشفاق نقشبندی، حاجی شہزاد اقبال، محمد مجاہد اقبال اور دیگر نے معززمہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹیلفورڈ کے عوام کے بھرپور تعاون سے نبی کریم کے میلاد منانے کا سلسلہ نسل درنسل جاری رہے گا۔ اختتام کانفرنس پر برطانیہ و پاکستان کے استحکام و سلامتی، امت مسلمہ کی ترقی و خوشحالی اور کشمیر سمیت تمام مسلم مقبوضہ علاقوں کی آزادی کیلئے خصوصی طور پر دعا کروائی گئی۔

تازہ ترین