• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حضورﷺکا لایا ہوا نظام مکمل دستور زندگی اور قیامت تک کیلئے ہے، سید منورحسین شاہ جماعتی

بریشیا (ذاہد انور مرزا) حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا پیغام آفاقی و عالمگیر ہے۔ علم و اخلاق کے جملہ مراتب آپ پر تمام ہو چکے ہیں اور دین مکمل ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار علماء و مشائخ اہل سنت نے جامع مسجد محمدیہ بریشیا میں شاہ ولایت فاونڈیشن کے زیر اہتمام منعقدہ میلاد مصطفے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم قدرت خداوندی کی تخلیق اول ہیں اور باقی جملہ کائنات آپ کے نور پاک سے خلق کی گئی۔ آپ اول بھی ہیں اور آخر بھی۔ آپ کا لایا ہوا نظام مکمل دستور زندگی اورقیامت تک کے لئے ہے۔ پروفیسر صاحبزادہ سید احمد حسین شاہ ترمذی نے کہا کہ میلاد النبی کی خوشیاں منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ اطاعت رسول کی جائے اور اسلام کے عالمگیر پیغام کی ترویج و اشاعت کی جائے۔ غیر مسلم معاشرے کو بالخصوص اپنے اچھے کردار سے ہی مسخر کیا جا سکتا ہے۔ شاہ ولایت فاونڈیشن اٹلی کے چئیرمین صاحبزادہ سید رفاقت حسین شاہ ترمذی نے کہا کہ خاتم المرسلین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر ہی امت مسلمہ اپنی عظمت رفتہ کو بحال کرا سکتی ہے۔ اسلام کا پیغام امن اور محبت ہے۔ مولانا سید اسامہ شاہ نے کہا کہ میلاد النبی اللہ تبارک و تعالی کا انعام عظیم ہے اور امت مسلمہ کو خیر امت کا لقب بھی نسبت و اطاعت مصطفے کے صدقہ عطا ہوا ہے۔ محفل کے اختتام پر ملت اسلامیہ کے اتحاد و اتفاق اور خوشحالی کے لئے اجتماعی دعا کرائی گئی۔کشمیر و فلسطین کی آزادی پاکستان کی ترقی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ 

تازہ ترین