بریڈفورڈ (محمد رجاسب مغل ) حجتہ الاسلام پیر سید محمد عرفان شاہ مشہدی موسوی کاظمی نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ سے محبت اور عقیدت ایک مومن کا سرمایہ حیات ہے۔ ان کی محبت کے بغیر زندگی بے کار ہے۔محسن انسانیت حضرت محمد مصطفیﷺ کی تشریف آوری سے بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ منزل مل گئی اور بنی نوع انسان پر دنیوی و اخروی کامیابیوں کے دروازے کھل گئے۔ آپ ﷺ کی ذات گرامی اہل ایمان کیلئے سر چشمہ ہدایت بھی ہے اور مرکز عشق و محبت بھی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمیہ کالج بریڈفورڈ میں سنی جمعیت عوام برطانیہ کے تحت منعقدہ عظیم الشان میلاد النبی ﷺکانفرنس اور آستانہ عالیہ بھکی شریف کے امام العصروحدیث حضرت پیر سید محمد جلال الدین شاہ مشہدی نقشبندی قادری رحمتہ اللہ علیہ اور آستانہ عالیہ کیلیاں والہ حضرت پیر سید نور الحسن شاہ بخاری نقشبندی مجددی رحمتہ اللہ علیہ کی عراس کی تقریب کے موقع پر صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کا دینی ، سیاسی ، معاشرتی نظام اور ضابطہ حیات آپ ﷺ کے اُسوۂ حسنہ پر قائم ہے اور عمل کی دنیا بھی آپ ﷺ کی ذات پر اُستوار ہے۔ حضور اکرم ﷺ کی ذات مبارکہ اپنی حیاتِ ظاہری میں وسیلہ نجات و مغفرت تھی،اسی طرح بعد از وصال بھی آپ ﷺ وسیلہ نجات ہیں۔رسول اللہ ﷺ کی محبت ایمان کا ایک اہم اور لازم جز ہے۔ قرآن و سنت کی رو سے ضروری ہے کہ ہر شخص کے دل میں رسول اللہ ﷺ کی محبت اپنی جان، مال، اہل و عیال اور دنیا کی سب چیزوں سے زیادہ ہو جس کا دل آپ ﷺ کی محبت اور سفارش کی ضرورت سے خالی ہو وہ عذاب الٰہی کو دعوت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قرآن کریم ہر مسلمان کو راستہ دکھاتا ہے کہ انسان جب اپنی جانوں پر ظلم کر بیٹھے تو حضورﷺ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر ان کے وسیلے سے اللہ تعالی سے مغفرت طلب کرے۔ قرآن ہر دور کے مسلمانوں کے لیے سر چشمہ ہدایت ہے قرآن کی ہر آیت ہمیشہ کے لیے ہر زمانے ہر دور کے لیے نازل ہوئی ہے ، اطاعت رسول ﷺ کے بارے میں قرآنی آیات و احادیث مبارکہ کے مطالعے سے یہ فیصلہ کرنا مشکل نہیں کہ دین میں اتباع سنت کی حیثیت کسی عملی مسئلہ کی وجہ سے نہیں بلکہ ایمان کے بنیادی تقاضوں میں سے ایک تقاضا ہے۔اس موقع پر مولانا ساجد علی شامی ،مولانا جاوید اقبال جلالی ،مولانا نبیل افضل عرفانی ،مولانا عبدالغفار نظامی ،مولانا عمر حسین نقشبندی ،مولانا عمران حسین عرفانی ،مولانا محمد عرفان عرفانی اور برطانیہ بھر سے آئے ہوئے دیگر علماء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اولیا کاملین نے ہمیشہ امن و محبت کا درس دیا ہے۔ آج دنیا بھر میں قیام امن کے لیے دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بزرگان دین کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ مشائخ بھکی شریف اور کیلیاں والوں نے ہمیشہ قرآن اور سنت کی تعلیمات کے ذریعے لوگوں کے دلوں کو منور کیا میلاد النبیﷺ کانفرنس میں پاکستان اور برطانیہ کے معروف قراء اور نعت خواں حافظ غلام مصطفی قادری ،حافظ احمد رضا قادری،،قاری خالد عثمان علوی الازہری، نعیم اقبال ،حافظ عبدالقادر نوشاہی ،قاری محمد اشرف قادری ،قاری عیسیٰ خان نوشاہی ،فرخ بھٹی ،عثمان رضا قادری ،قاری رضوان نعیم اور دیگرنے خوبصورت انداز میں تلاوت اور نعت کے ذریعے عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔ تقریب رات گئے تک جاری رہی اور عاشقان مصطفی صلی اللہ وعلیہ وسلم نے درودو سلام سے محفل کو گرمائے رکھا۔ تقریب کے آخر میں عرفان عرفانی اور فیضان عرفانی نے مشائخ بھکی شریف اورمشائخ کیلیاں شریف والوں کے شجرہ جات پڑھنے کی سعادت حاصل کی اور پیر عرفان شاہ مشہدی نے امت مسلمہ کے اتحاد واتفاق اور کشمیر کی آزادی کے لیے اجتماعی دعا کی۔