• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خان صاحب، ‎جھوٹ بولنے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی، ن لیگ


پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے معیشت سے متعلق ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹ بولنے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ معیشت ایسی سمت چلی گئی ہے، جہاں سے اس کی واپسی ناممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ‎عمران صاحب ایک ٹوئٹ کرکے قوم کو بتائیں کہ ایک سال میں کتنے کارخانے اور فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں، آپ کی ’بے سمتی‘ کی وجہ سے کتنے لاکھ بیروزگاری کے جہنم میں گرچکے ہیں۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران صاحب ‎روپے کی تاریخی بے قدری کے باوجود رواں مالی سال کے 4 ماہ میں برآمدات میں 4 فیصد سے بھی کم اضافہ ہوسکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ‎ڈیٹ سکیوریٹیز میں غیرملکی سرمایہ کاری کی ترغیب دے کر حکومت ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ‎معیشت کی ’بہتری‘ آج 300 روپے فی کلو ٹماٹر کی صورت میں قوم بھگت رہی ہے، ‎عمران صاحب آپ کی معاشی سمت یہ ہے کہ مہنگائی 14 فیصد پر ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‎عمران صاحب کی معاشی سمت کا کمال ہے کہ 5اعشاریہ8 فیصد ترقی کی شرح ایک سال میں ڈھائی فیصد کردی، آج ٹیکس وصولیوں کا تاریخی خسارہ ہے۔

ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی کریڈٹ نہیں ڈس کریڈٹ ہے، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی برآمدات کی وجہ سے نہیں بلکہ درآمدات کے نہ ہونے کی وجہ سے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ روزگار، کاروبار، دکان، فیکٹری اور صنعت بند ہے تو درآمدات بند ہونے سے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہوا، عمران صاحب کی معاشی سمت کا کمال ہے کہ روپے کی قدر میں 30 فیصد کمی ہوئی۔

تازہ ترین